ایشیا کپ کوالیفائر یواے ای کی ’مین راؤنڈ‘ میں رسائی کا امکان روشن

ہانگ کانگ کو 6 وکٹ سے شکست دیدی، شہزاد کی ففٹی ، نوید 3وکٹیں لے اڑے

ہانگ کانگ کو 6 وکٹ سے شکست دیدی، شہزاد کی ففٹی ، نوید 3وکٹیں لے اڑے۔ فوٹو: فائل

ٹوئنٹی 20 ایشیا کپ کوالیفائنگ میں متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ کو 6 وکٹ سے شکست دے کر مین راؤنڈ میں قدم رکھنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 ایشیا کپ کے مین راؤنڈ میں ایک پوزیشن کیلیے خطے کے 4ایسوسی ایٹ ممالک میدان عمل میں ہیں، اتوار کو منعقدہ کوالیفائر میں متحدہ عرب امارات نے ہانگ کانگ کو 6وکٹ سے زیرکرکے اپنی پوزیشن کو مستحکم کرلیا، ناکام ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 7 وکٹ پر 146 رنز اسکور بورڈ پر جوڑے، بابر حیات 54 رنز بناکر نمایاں رہے، محمد نوید نے 3 اور امجد جاوید نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، جواب میں یو اے ای نے 4 وکٹ پر 9 بالز قبل ہی ہدف حاصل کرلیا، محمد شہزاد نے 39 بالز پر 52 اور محمد عثمان نے 41 رنز بنائے۔


ہانگ کانگ دونوں ہی میچز ہارنے کی وجہ سے اب مین راؤنڈ میں رسائی کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے، مسلسل دوسری کامیابی کی بدولت یواے ای چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جب کہ اس کا اومان سے پیر کو میچ باقی ہے، جس میں کامیابی کی صورت میں اسے ٹاپ ایشیائی ٹیموں کے ساتھ مین راؤنڈ میں کھیلنے کا موقع مل جائے گا۔

افغانستان ایک فتح کے ساتھ دوسرے نمبر جب کہ اس کا پیر کو ہانگ کانگ سے مقابلہ ہوگا، اگریو اے ای کی ٹیم ہارگئی اور افغانستان جیت گیا تو پھر دونوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر اور زیادہ رن ریٹ کی حامل ٹیم مین راؤنڈ میں جائے گی، ہانگ کانگ کی ٹیم دونوں میچز میں ناکام رہی ہے، ایونٹ کا مین راؤنڈ بدھ سے شروع ہوگا، جس میں افتتاحی مقابلہ بھارت اور میزبان بنگلہ دیش کے درمیان شیڈول ہے، پاکستان کا پہلا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے 27 فروری کو ہوگا۔
Load Next Story