ٹی20 حالیہ کارکردگی گرین شرٹس کیلیے لمحہ فکریہ

آخری6میں سے صرف1میچ جیتا، بھارت سے اتنے مقابلوں میں محض ایک ہی جیت ملی

آخری6میں سے صرف1میچ جیتا،بھارت سے اتنے مقابلوں میں محض ایک ہی جیت ملی ۔ فوٹو : اے ایف پی

ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں حالیہ کارکردگی گرین شرٹس کیلیے لمحہ فکریہ بن گئی،آخری6میں سے صرف ایک میچ میں فتح نصیب ہوئی، بھارت کیخلاف بھی اتنے مقابلوں میں محض ایک ہی جیت مل سکی،کپتان شاہد آفریدی سے بھی فارم روٹھی ہوئی نظر آتی ہے۔


تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے 2009میں یونس کی زیرقیادت ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹائٹل جیتا تھا مگر اب کارکردگی روبہ زوال نظر آتی ہے، آخری 6میں سے صرف ایک میچ میں ہی جیت ملی، دلچسپ بات یہ ہے کہ مختصر طرز میں بھارت کیخلاف بھی ٹیم کی ایسی ہی پرفارمنس رہی، کپتان شاہد آفریدی کی حالیہ فارم بھی متاثر کن نہیں، جنوری میں نیوزی لینڈ کیخلاف تین میچز میں وہ صرف 38 رنز بنا سکے،اس سے قبل نومبر میں انگلینڈ کیخلاف سیریز میں بھی بیٹنگ میں خاص پرفارم نہیں کر سکے تھے۔

حالیہ پاکستان سپر لیگ کے 10میچز میں انھوں نے اتنے ہی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا مگر ان میں سے 5وکٹیں صرف ایک ہی میچ میں ملی تھیں، بیٹنگ میں14.50کی اوسط سے وہ صرف 87 رنز ہی بنا سکے۔ ایشیا کپ پہلی بار ٹی 20فارمیٹ میں ہو رہا ہے، اس سے قبل ون ڈے میں دونوں ٹیموں نے 5-5 میچز میں فتح کو گلے لگایا تھا۔ اب تک12میں سے کسی بھی ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف سائیڈز کا سامنا نہیں ہوا، بھارتی سائیڈ نے 5اور گرین شرٹس نے 2 بار ٹرافی ہاتھوں میں تھامی۔
Load Next Story