ورلڈ ٹی20 میں غیرملکی شائقین کیلیے ٹکٹ کا حصول دشوار

تاخیر سے اعلان اور ویزے کا طویل عمل دھرم شالہ جانے میں حائل ہوگا، پاکستانی شائق

تاخیر سے اعلان اور ویزے کا طویل عمل دھرم شالہ جانے میں حائل ہوگا، پاکستانی شائق فوٹو: فائل

بھارت میں آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں غیرملکی شائقین کیلیے ٹکٹوں کا حصول دشوارہوگیا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی شیڈول کا اعلان تین ماہ قبل ہو چکا مگر میزبان نے ٹکٹوں کی فروخت کا پہلا مرحلہ 24 فروری کو شروع کیا جب کہ دوسرے کی شروعات جمعے کو ہوئی، سیمی فائنلز،فائنل اور بھارت کے 4 میچز سمیت7 'بلند ترجیح ' مقابلوں کے ٹکٹ آن لائن لاٹری سے فروخت ہوں گے۔


اس کے طریقہ کار کی بابت ابھی تک شائقین لاعلم ہیں، پہلے مرحلے میں چنئی، دھرم شالہ، کولکتہ اور موہالی میں شیڈول میچز کے ٹکٹ عوام کے سامنے لائے گئے،گذشتہ روز دوسرے مرحلے میں ممبئی دہلی اور ناگپور میں میچز کے ٹکٹ شائقین کو دستیاب ہوئے، اس تمام صورتحال پر پاکستان سمیت کئی ممالک کے شائقین نے کرکٹ ویب سائٹ کو اپنی پریشانی اور تجاویز سے آگہی دی،58 سالہ انگلش پرستار پال اسمتھ نے لکھاکہ پروگرام کا اعلان 11 دسمبر کو کیا جا چکا لیکن کوئی رہنمائی کرنے والا نہیں تھا۔

ہم دسمبر سے اس حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر نظر رکھے ہوئے تھے تاکہ میچز دیکھنے کیلیے بھارت جانے کا پروگرام ترتیب دے سکیں، ان کی طرح دیگر ممالک کے شائقین بھی ٹکٹوں کی فروخت کے غیرواضح شیڈول سے نالاں ہیں، ایک پاکستانی شہری شمیم سید نے لکھاکہ وہ دھرم شالہ میں پاک، بھارت میچ دیکھنے کیلیے جانے کے خواہاں ہیں، ٹکٹ کی فروخت کے تاخیر سے اعلان اور پھر ویزا مسائل کے سبب یہ انتہائی دشوار ہوگا۔

7 ہائی پروفائل میچز کے ٹکٹوں کی فروخت بھی معمہ بنی رہی تھی، آئی سی سی کی ویب سائٹ نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ اس میں غیرملکی شائقین حصہ نہیں لیں گے،ان کیلیے الگ کوٹہ مختص کیا جائے گا لیکن بعد میں بھارتی منتظمین نے تمام کے لیے لاٹری میں شرکت کو لازمی قرار دے دیا۔
Load Next Story