جنوبی افریقی نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن خطرے کی زد میں آگئی

تین میچز پر مشتمل سیریز میں فتح آسٹریلیا کو ایک بار پھر سب سے آگے پہنچادے گی۔

تین میچز پر مشتمل سیریز میں فتح آسٹریلیا کو ایک بار پھر سب سے آگے پہنچادے گی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

جنوبی افریقی نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن خطرے کی زد میںآگئی،ٹاپ رینک بچانے کیلیے پروٹیز کو کم سے کم آسٹریلیا کے خلاف سیریز برابر کرنا ہوگی۔

جمعے سے شروع ہونے والے تین میچز پر مشتمل معرکے میں فتح کینگروز کو ایک بار پھرسب سے آگے پہنچا دے گی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے رواں برس انگلینڈ کے خلاف سیریز میں فتح کے بعد ایک بار پھر دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا مگر چند ہی ماہ بعد یہ پوزیشن خطرے میں پڑ گئی، اگر پروٹیز کو دنیا کی بہترین ٹیم کا اعزاز اپنے پاس برقرار رکھناہے تو پھرکم سے کم ٹیسٹ سیریز ڈرا ضرور کرنی ہوگی، کسی بھی مارجن سے فتح کینگروز کو نمبر ون ٹیم بنادے گی۔


اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ کے ریٹنگ پوائنٹس 120، دوسرے نمبر کی ٹیم انگلینڈ کے 117 اور آسٹریلیا کے 116 ہیں، آسٹریلیا جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم کی پوزیشن کا تعین رواں ماہ کے وسط سے احمد آباد میں شروع ہونے والی بھارت ، انگلینڈ سیریز کے نتیجے سے ہوگا۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں سے کسی ایک ٹیم کا آئندہ برس اپریل کی کٹ آف ڈیٹ تک نمبر ون رہنے کا امکان ہے، آئی سی سی کی جانب سے اس تاریخ تک ٹاپ 4 پوزیشنز پر فائز رہنے والی ٹیموں میں لاکھوں ڈالر تقسیم کیے جائیں گے جس میں سے ساڑھے 4 لاکھ ڈالر نمبر ون ٹیم کے پاس جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان نمبرون پوزیشن کے حوالے سے کافی بے چین ہیں، آسٹریلوی قائد مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ملک میں دنیا کی نمبر ون ٹیم کا مقابلہ کرنے پر کافی خوش اور یہ اعزاز اس سے حاصل کرنا چاہئیں گے۔ پروٹیز کپتان گریم اسمتھ نے کہاکہ ہم کسی بھی پوزیشن سے قطع نظر اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
Load Next Story