ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی شکست

پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور 17.3 اوورز میں ساری ٹیم آؤٹ ہو کر صرف83 رنز بنا سکی

پاکستانی ٹیم کو سری لنکا اور بنگلہ دیش سے ہر صورت میں جیتنا ہو گا تا کہ ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کر سکے۔ فوٹو : اے ایف پی

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کی کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور 17.3 اوورز میں ساری ٹیم آؤٹ ہو کر صرف83 رنز بنا سکی۔ پاکستانی ٹیم کے بیٹسمین بری طرح فلاپ ہو گئے اور کوئی بلے باز بھی متاثر کن اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

وکٹ فاسٹ بالرز کے لیے ساز گار تھی لہٰذا جب بھارتی بلے باز میدان میں اترے تو انھیں پاکستانی تیز باؤلرز کو کھیلنے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے ابتدائی تین کھلاڑی محض 8 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے لیکن بعد میں بھارتی بلے باز سنبھل گئے اور انھوں نے 5 وکٹیں گنوا کر 16.3 اوورز میں یہ ہدف پورا کر کے میچ میں فتح حاصل کی۔


اس میچ میں پاکستانی فاسٹ باؤلرز کی کارکردگی شاندار رہی خصوصاً محمد عامر کے تباہ کن اسپیل نے میچ کو خاصا دلچسپ بنا دیا' بلاشبہ وکٹ بلے بازوں کے لیے ساز گار نہیں تھی لیکن اگر پاکستانی بلے باز وکٹ کو مدنظر رکھ کر سمجھداری اور صبر سے کھیلتے تو 125 سے 130 تک ٹارگٹ سیٹ کر سکتے تھے' اس ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لیے بھارتی بلے بازوں کو خاصی مشکل ہوتی اور ممکن ہے کہ پاکستانی فاسٹ باؤلر یہ میچ جتوانے میں کامیاب ہو جاتے۔

بہر حال کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے' ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں کم بیک کے لیے پاکستان کے پاس چانس موجود ہے، اب پاکستانی ٹیم کو سری لنکا اور بنگلہ دیش سے ہر صورت میں جیتنا ہو گا تا کہ ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کر سکے۔
Load Next Story