ایشیا کپ مصباح کو ٹیم فائنل کھیلتی دکھائی دینے لگی

بھارت سے ابتدائی شکست کو دل پر لینے کے بجائے آگے بڑھنا چاہیے، ٹیسٹ کپتان

بھارت سے ابتدائی شکست کو دل پر لینے کے بجائے آگے بڑھنا چاہیے، ٹیسٹ کپتان۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ بھارت کے ہاتھوں ابتدائی میچ میں شکست کو دل پر لینے کے بجائے آگے بڑھنا چاہیے، بولرز کو اپنا کمال دکھانے کیلیے بیٹسمینوں کو کم سے کم 130 رنز تو بنانا ہی ہونگے۔

ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں بھی گرین شرٹس کے بہتر کھیل کا امکان ہے، میگا ایونٹ میں بھی اصل مقابلہ بھارت سے ہوگا جس کیلیے تیار رہنا چاہیے، مصباح نے ان خیالات کا اظہار ایک آسٹریلوی ویب سائٹ کیلیے کالم میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستانی سفر کا آغاز اچھا نہیں ہوا،ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا مگر امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔


بولرز نے بھارت جیسی مضبوط ٹیم کیلیے 83 رنز کا حصول دشوار بنا دیا تھا، اس سے اگلے میچز میں ٹیم کو حوصلہ ملے گا، اس بولنگ پرفارمنس کے بعد بیٹسمینوں پر سے دباؤ بھی کم ہوا ہوگا، مصباح نے کہا کہ بیٹسمینوں کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ایشیا کپ کی پچز پی ایس ایل کی وکٹوں سے بالکل مختلف ہیں،اگر وہ یہاں پر 130، 140 رنز بنا لیں تب بھی ہمارے بولرز ان کا دفاع کرسکتے ہیں۔

ٹیسٹ قائد نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان ٹیم نہ صرف ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا سکتی ہے بلکہ وہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں بھی اچھا پرفارم کریگی، ویسے بھی میگا ایونٹ میں تمام ایشیائی ٹیمیں اچھی حالت میں ہوں گی، بھارت کی جانب سے خطرہ زیادہ ہوگا کیونکہ وہ ایشیائی کنڈیشنز میں کسی بھی ٹیم کو ٹف ٹائم دے سکتی ہے، ان کے پاس بہترین بیٹنگ لائن اور اسپن اٹیک موجود ہے، اسی لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں سب سے زیادہ اسی ٹیم پر ہی توجہ دینا ہوگی،مصباح نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 میںکوئی بھی ٹیم کسی کو شکست دے سکتی ہے، آپ اس فارمیٹ میںکسی بھی چیز کی پیشگوئی نہیں کرسکتے۔
Load Next Story