اظہر محمود بھی بیٹسمینوں کی حوصلہ افزائی میں مصروف

اسپیشلسٹ کوچ کھلاڑیوں کو مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے کا بھولا سبق یاد دلانے لگے

اسپیشلسٹ کوچ کھلاڑیوں کو مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے کا بھولا سبق یاد دلانے لگے۔ فوٹو: فائل

اظہر محمود لڑکھڑاتی بیٹنگ کا حوصلہ بڑھانے کے جتن کرنے لگے، عبوری بولنگ کوچ کا کہنا ہے کہ میرپور کی پچز پر ورلڈکلاس بیٹسمین بھی جدوجہد کررہے ہیں تاہم پروفیشنل کرکٹر کو ہر طرح کی کنڈیشنز میں بہتر کارکردگی پیش کرنے کیلیے تیار ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق شیر بنگلہ اسٹیڈیم اکیڈمی میں پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ یو اے ای کے خلاف میچ میں ابتدائی اوورز میں ہی 3 وکٹیں گنوا کر پاکستان ٹیم دباؤ میں آگئی تھی لیکن شعیب ملک اور عمر اکمل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے مشکل سے نکالا جو کہ ایک حوصلہ افزا بات ہے، میرپور میں پچز تیز اور گیند بہت سوئنگ ہورہی ہے، یہاں پر بھارت کے ورلڈ کلاس بیٹسمینوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم پروفیشنل کرکٹرز کو ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کرنے کیلیے تیار ہونا چاہیے، شعیب ملک اور عمر اکمل کی شراکت ایک اچھی مثال تھی۔


اظہر محمود نے کہاکہ ہماری بیٹنگ کو مشکلات کا سامنا ہے لیکن وہ اپنی خامیوں پر قابو پانے کیلیے کافی محنت کررہے ہیں ، میں نے بھی انھیں مفید مشورے دیے اور حوصلہ بڑھایا، امید ہے کہ بولرز کی طرح بیٹسمین بھی بہتر کارکردگی کامظاہرہ کریں گے،مجھے کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا زیادہ وقت نہیں ملا تاہم پوری امید ہے کہ آئندہ میچز میں ٹیم کی کارکردگی بہتر سے بہتر ہوتی جائے گی۔

یواے ای کیخلاف فتح سے اعتماد کی بحالی کا سفر شروع ہوا ہے جس کو جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو بھی زیر کرنے کیلیے پر عزم ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ محمد عامر ایک ورلڈ کلاس بولر اور ہر طرح کی پچز پرکارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کم بیک کے بعد ہر میچ میں انھوں نے بہتری کی جانب سفر کیا ہے، محمد عامر اور دیگر بولرز کو فیلڈ سیٹ کی ٹریننگ بھی دے رہے ہیں۔
Load Next Story