کرکٹ ایشیا کپ میں پاکستان کے نئے مہرے پٹ گئے

شرجیل، خرم اور نواز کی مایوس کن کارکردگی، آفریدی اورحفیظ بھی بری طرح ناکام

سرفراز احمد اور شعیب ملک نے سب سے زیادہ 121رنز بنائے، بولرز میں عامر کی 7 وکٹیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

ایشیا کپ میں پاکستان کے نئے مہرے پٹ گئے، شرجیل خان، خرم منظور اور محمد نواز کی کارکردگی مایوس کن رہی، کپتان شاہد آفریدی اور سینئر بیٹسمین محمد حفیظ بھی بدترین ناکامی کا شکار ہوئے، سرفراز اور شعیب نے سب سے زیادہ 121،121رنز بنائے، بولرز میں عامر 7 وکٹیں لیکر نمایاں رہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں گرین شرٹس کی مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی، اسی لیے فائنل کھیلے بغیر وطن واپس آنا پڑیگا، سلیکٹرز نے کئی نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا مگر وہ صلاحیتوں کا اظہار نہ کر سکے، اوپنر خرم منظور نے 3میچز میں 3.66 کی اوسط سے محض11رنز بنائے، شرجیل نے 4میچز میں 52 رنز اسکور کیے۔


اتنے ہی مقابلوں میں حفیظ صرف31رنز ہی بنا سکے، انکی ایوریج 7.75 رہی، کپتان آفریدی کا کھیل بھی غیرمعیاری رہا، وہ 2 اننگز میں 1کی اوسط سے 2ہی رنز تک محدود رہے۔

سرفراز اور شعیب ملک نے بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 121، 121 رنز بنائے، دونوں کی اوسط بھی یکساں 60.50 رہی، عمر اکمل نے35کی ایوریج سے 105 رنز اسکور کیے، تینوں نے ایک، ایک ففٹی بھی داغی۔ بولرز میں عامر نے 11.57 کی اوسط سے 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، عرفان 5 اورسمیع 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، آفریدی کو 34کی اوسط سے 2 وکٹیں ملیں، اتنے ہی پلیئرز کو شعیب ملک نے بھی رخصت کیا۔
Load Next Story