ورلڈ ٹی 20 مینز اورویمنزکی انعامی رقم میں زمین آسمان کا فرق

مردوں کی فاتح سائیڈ کو 16 لاکھ،خواتین چیمپئنز کو ایک لاکھ ڈالر ملیں گے

مردوں کی فاتح سائیڈ کو 16 لاکھ،خواتین چیمپئنز کو ایک لاکھ ڈالر ملیں گے فوٹو:فائل

آئی سی سی بھی خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک میں دو ہاتھ آگے نکلی، ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں مینز اور ویمنز ٹیموں کیلیے انعامی رقم میں زمین آسمان کا فرق ہے، مردوں کے ایونٹ میں فاتح سائیڈ کو 16 لاکھ ڈالر کا چیک تھمایا جائے گا، خواتین چیمپئنز کو صرف ایک لاکھ ڈالر ملیں گے جو مردوں کی شکست خوردہ سیمی فائنلسٹ سے بھی تین گنا کم ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے مقابلے ایک ساتھ منعقد ہورہے ہیں مگر انعامی رقم میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ مینز ایونٹ کی فاتح سائیڈ کو 16 لاکھ ڈالر انعام ملے گا، رنر اپ ٹیم بھی 8 لاکھ ڈالر کا چیک پائے گی، سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیموں کو فی کس 4،4 لاکھ ڈالر ملیں گے۔


دوسرے رائونڈ کی فاتح ٹیموں کو فی میچ 60 ہزارڈالر ملیں گے جبکہ اس رائونڈ سے باہر ہونے والی ٹیمیں بھی فی سائیڈ 80 ہزارڈالر سے مستفید ہوں گی۔ پہلے رائونڈ میںفاتح ٹیم کو فی میچ 40 ہزار ڈالر ملیں گے، اس رائونڈ سے باہر ہونے والی ٹیم بھی اپنے ساتھ 40 ہزار ڈالر لے جائے گی۔

اس کے برعکس ویمنز ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ اور رنر اپ کو 50 ہزار ڈالر ملیں گے، سیمی فائنلز میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیمیں فی کس 25 ہزار ڈالر پائیں گی، گروپ فاتح کو فی میچ 7 ہزار ڈالر اور گروپ سے باہر ہونے والی ٹیم کو فی کس 10 ہزارڈالر ملیں گے۔
Load Next Story