یوم اقبال سندھ یونیورسٹی کا حکومتی احکامات ماننے سے انکار

تعطیل کے باوجود آج تمام پرچے شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے،ناظم امتحانات کا اعلامیہ

تعطیل کے باوجود آج تمام پرچے شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے،ناظم امتحانات کا اعلامیہ. فوٹو: فائل

سندھ یونیورسٹی نے وفاقی حکومت کے عام تعطیل کے اعلان کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، جامعہ کے تحت آج (جمعہ) یوم اقبال کے موقع پر بھی امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق سندھ یونیورسٹی کے ناظم امتحانات ڈاکٹر نعیم طارق ناریجو کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ9 نومبر کو یوم اقبال کی عام تعطیل کے باوجود جامعہ کے تحت لیے جانے والے بی اے، بی ایس سی، بی کام پارٹ ٹو اور ایم اے فائنل کے پرچے متعلقہ کالجز میں شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ امتحانات ملتوی کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، اس لیے پیپرز شیڈول کے مطابق لیے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف رجسٹرار محمد نواز ناریجوکے مطابق سندھ یونیورسٹی جامشورو اور تمام کیمپس ٹھٹھہ، بدین، دادو، میرپورخاص یوم اقبال کے موقع پر آج (جمعہ) بند رہیں گے۔ علاوہ ازیں یوم اقبال کے موقع پر مہران یونیورسٹی جامشورو اور مہران انجینئرنگ کالج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم مہران انجینئرنگ کالج خیرپور میرس اور نوشہروفیروز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے۔

دوسری جانب یوم اقبال پر تعطیل نہ کرنے اور امتحانات کا شیڈول برقرار رکھنے پر طلبہ نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال ہمارے قومی ہیرو ہیں، اس لیے یونیورسٹی انتظامیہ کو یوم اقبال کے موقع پر تعطیل کرنی چاہیے تھی۔
Load Next Story