ورلڈ ٹی 20 غیریقینی صورت حال کے باوجود ویمنز ٹیم کی تیاریاں جاری

بورڈ کے گرین سگنل کا انتظار ہے، خدشات کے بجائے کھیل پر توجہ ہے، منیجر

بورڈ کے گرین سگنل کا انتظار ہے، خدشات کے بجائے کھیل پر توجہ ہے، منیجر۔ فوٹو: فائل

ٹی ٹوئنٹی ویمنز عالمی کپ کرکٹ چیمپئن شپ میں شرکت کے حوالے سے شکوک و شبہات قومی ویمنز ٹیم کی تربیت پر اثر انداز نہیں ہوسکے۔


قومی کپتان ثنا میر کی زیرقیادت قومی ویمنز اسکواڈ نے اتوار کی شب بھی نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس جاری رکھی، بھارتی حکومت کی جانب سے بھرپور سیکیورٹی ملنے تک پی سی بی نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو بھارت روانہ ہونے سے روک دیا ہے، شیڈول کے مطابق15مارچ سے بھارت میں کھیلے جانے والے 5 ویں ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستانی ویمنز ٹیم کی منگل کو روانگی طے تھی۔

ٹیم منیجر عائشہ اشعر نے نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بورڈ کی ہدایت کے منتظر ہیں، اگر روانگی کا سگنل مل گیا تو میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے چلے جائیں گے، اس ضمن میں تمام خدشات اور امکانات سے قطعہ نظر ہماری کھلاڑیوں کی توجہ بھرپور پریکٹس پر ہے، قبل ازیں قومی ویمنز ٹیم نے کوچ محتشم رشید کی زیرنگرانی فزیکل ٹریننگ کے بعد پریکٹس میں حصہ لیا، بعدازاں پی آئی اے انڈر17بوائزکرکٹ ٹیم سے ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلا، قومی ویمنز ٹیم پیر کو آرام کرے گی۔
Load Next Story