فکسنگ تحقیقات کی زد میں آنے والی ٹیم ہانگ کانگ نکلی

رچرڈسن نے نام لیے بغیرسب کچھ ظاہر کردیا،ورلڈ ٹی20کے کرپشن فری انعقاد کا عزم

رچرڈسن نے نام لیے بغیرسب کچھ ظاہر کردیا،ورلڈ ٹی20کے کرپشن فری انعقاد کا عزم فوٹو: اے ایف پی/فائل

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن نے نام لیے بغیر ہی سب کچھ ظاہر کردیا،انھوں نے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے کرپشن فری انعقاد کا بھی عزم ظاہر کیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ رونی فلینگن نے اتوارکو ممبئی میں پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ایک ٹیم کیخلاف کرپشن کی تحقیقات ہورہی ہیں، انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 1،2 پلیئرز کے خلاف کارروائی شروع بھی ہوچکی، یہ آنے والے میچز میں سٹہ بازوں کی مدد کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔


فلینگن سے جب اس ٹیم کے بارے میں سوالات ہوئے توانھوں نے جواب دینے سے انکار کردیا تھا تاہم گذشتہ روز نئی دہلی میں ڈیو رچرڈسن نے نام لیے بغیر ہی سب چیزوں پر سے پردہ اٹھا دیا۔ جب ان سے مبینہ طور پر کرپٹ ٹیم کے بارے میں سوال کیا گیا تو رچرڈسن نے کہاکہ کچھ عرصے قبل آپ نے میڈیا میں پڑھا ہوگاکہ ایک ملک کی جانب سے اپنے کھلاڑی کومعطل کیا گیا ہے، یہ جو تحقیقات ہورہی ہیں وہ اسی ٹیم کے ہی متعلق ہیں۔ اس پر فوری طور پر کچھ عرصہ قبل ہانگ کانگ کی جانب سے آل راؤنڈر عرفان احمد کی معطلی کا کیس سامنے آگیا جن پر کرپشن اور کرپٹ لوگوں سے ساز باز کا الزام ہے۔

رچرڈسن نے کہا کہ پوری ٹیم کے کرپشن میں مبتلاہونے کے بارے میں قیاس آرائی کرنا درست نہیں ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے کرپشن فری انعقاد کے حوالے سے پُراعتماد ہیں، مجھے اس بارے میں پورا یقین ہے کہ یہ ٹورنامنٹ صاف ستھرا ثابت ہوگا، ہمارا اینٹی کرپشن یونٹ بھارتی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

ہم کرپٹ عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ پوری دنیا میں مقبول ہورہی ہے مگر ہم اس کے ساتھ دیگر2 فارمیٹس ون ڈے اور ٹیسٹ کو بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں،ان تینوں میں توازن بہت ضروری ہے۔
Load Next Story