گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت

جو اشیائے خورو نوش افطار و سحر میں روزدہ داروں کے لیے لازم و ملزوم...

جو اشیائے خورو نوش افطار و سحر میں روزدہ داروں کے لیے لازم و ملزوم ہوتی ہیں ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔ فائل فوٹو

سندھ حکومت نے رمضان المبارک میں صوبے بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کیلیے ڈپٹی کمشنرز اور تعلقہ سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اسپیشل مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ ہائوس میں رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے ایک سیل اسپیشل سیکریٹری کوآرڈی نیشن کی نگرانی میں قائم کر دیا گیا ہے۔


یہ حقیقت بیان کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ رمضان کے مقدس اور بابرکت مہینے میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو افطار و سحر کی تیاریوں کے لیے ضروری اشیائے خورونوش کی خریداری میں بڑی اذیتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے سدباب کے لیے روایتی چھاپوں کے خوف سے کوئی چیز سستی نہیں بکتی جب کہ تاجر و کاروباری حضرات اور خاص طور پر دکاندار اور پھل فروش روزہ داروں پر مشق ستم فرماتے ہوئے ہر شے کی قیمت بڑھا دیتے ہیں۔

یہ بھی برس ہا برس سے مشاہدے میں آیا ہے کہ جو اشیائے خورو نوش افطار و سحر میں روزدہ داروں کے لیے لازم و ملزوم ہوتی ہیں ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں، چنانچہ مارکیٹ میں اعلیٰ و ادنیٰ قسم کی کھجوروں کے جو ریٹ ہمارے بزنس رپورٹر نے بتائے ہیں وہ عام روزہ داروں کی دسترس سے باہر ہیں، اسی طرح روزے شروع ہونے سے قبل ہی آم، امرود، خوبانی، آلو بخارہ، سیب، چیکو، کیلا، جامن، آڑو، تربوز، خربوزہ اور دیگر موسمی پھل، پھینی، کھجلہ، سموسے' پکوڑے اور مشروبات وغیرہ انتہائی مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں لہٰذا شہری حکومت وزیر اعلیٰ سندھ کی اس ضمن میں ہدایات پر سختی سے عمل کرے اور اس بات کو یقینی بنانا اشد ضروری ہے کہ پتھارے دار، دکاندار اور تاجر کارروائی کے ڈر سے من مانی قیمتیں وصول کرنے سے گریز کریں۔

بہرکیف یہ اعلان خوش آیند ہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے گراں فروشی کے سدباب کے لیے قانون کی منظوری کے بعد متعلقہ افسران کو اسپیشل مجسٹریٹ کے اختیارات کے تحت چھاپے، جرمانہ، سزا اور جیل بھیجنے کے اختیارات حاصل ہوں گے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن 48 سے 72 گھنٹے میں جاری کر دیا جائے گا۔ توقع ہے کہ حکام گراں فروشی کی روک تھام میںکوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور گراں فروشوں کو موقع پر ہی سزا دی جائے گی۔ ہماری دکانداروں، پتھارے داروں اور تاجروں سے بھی استدعا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے تقدس کے پیش نظر روزہ داروں پر رحم کریں اور اس ماہ مبارک کی برکتیں سمیٹنے والوں میں شامل ہوں۔
Load Next Story