بھارتی سیاسی ڈرامہ بازی سے دھرم شالا میں تالا پڑ گیا

سیاستدان پاکستان دشمنی پر مبنی دکان چمکانے کے چکر میں اہم میچ سے ہاتھ دھو بیٹھے

وزیر اعلیٰ نے اپنی سیاست کیلیے ہماچل پردیش کو دنیا بھر میں بدنام کردیا،انوراگ ٹھاکر فوٹو؛ فائل

بھارتی جماعتوں کی سیاسی ڈرامہ بازی سے دھرم شالا میں تالا پڑ گیا، مقامی سیاستدان پاکستان دشمنی پر مبنی دکان چمکانے کے چکر میں پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلے کی میزبانی سے ہاتھ دھو بیٹھے، بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ ویربہادرا نے ہماچل پردیش کو دنیا بھر میں بدنام کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ہماچل پردیش کے سیاستدانوں کی ڈرامہ بازی نے وہاں کے شائقین کو پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 مارچ کو شیڈول ہائی وولٹیج میچ سے محروم کردیا، خود کو سیکولر جماعت کہنے والی کانگریس سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ ویر بہادرا سنگھ نے پاکستان دشمنی پر مبنی اپنی دکان خوب چمکائی اور پوائنٹ اسکورننگ کے چکر میں اتنے بڑھ گئے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے سب سے اہم مقابلے کی میزبانی ہی اپنے ہاتھ سے نکال بیٹھے۔


اسی اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ ویربہادرا نے اپنی سیاست کیلیے ہماچل پردیش کو دنیا بھر میں بدنام کردیا۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنی بیان بازی سے جس قسم کا ماحول بنادیا تھا اس میں یہاں پر میچ کا انعقاد ممکن ہی نہیں رہا، کون سی ایسی اسٹیٹ ہے جو کسی بھی ایونٹ کے آغاز سے صرف چند روز قبل اس طرح کے بیان دیتی ہے، بدھ کو یہاں پر میگاایونٹ کا پہلا میچ کھیلا گیا اور وزیراعلیٰ بیان دے رہے ہیں کہ یہ وینیو محفوظ ہی نہیں ہے۔

دوسری جانب ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے ترجمان سنجے شرما نے کہاکہ 2 روز قبل پاکستانی سیکیورٹی ٹیم نے یہاں کا دورہ کیا، وہ انتظامات سے مطمئن تھے مگر اسٹیٹ کی موجودہ حکومت نے صرف اپنے سیاسی ایجنڈے کی خاطر اس اہم میچ کے یہاں انعقاد کی راہ میں روڑے اٹکائے۔ واضح رہے کہ یہ میچ دھرم شالا سے کولکتہ منتقل ہوچکا جبکہ ہماچل پردیش کے اس خوبصورت وینیو پر اب دیگر ٹیموں کے غیراہم مقابلے ہوں گے۔

Load Next Story