قومی کرکٹرز نے سیکیورٹی خدشات کو جھٹک دیا

چیئرمین پی سی بی کی جانب سے پیشکش کے باوجود کوئی بھارت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے دستبردار ہونے کیلیے تیار نہ ہوا

اکا دکا احتجاج ہونا کوئی بات نہیں،پلیئرزچند افرادکی مخالفت کے باوجود اچھی کارکردگی دکھائیں گے،شہریارخان ۔ فوٹو؛ فائل

قومی کرکٹرز نے سیکیورٹی خدشات کو جھٹک دیا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی جانب سے پیشکش کے باوجود کوئی بھارت میں ورلڈٹی ٹوئنٹی سے دستبردار ہونے کیلیے تیار نہ ہوا، صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے شاندار کارکردگی کا عزم دوہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز صورتحال غیر یقینی ہونے کہ وجہ سے ذہنی کوفت میں مبتلا ضرور ہوئے لیکن کسی نے بھی سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بھارت نہ جانے کا فیصلہ نہیں کیا، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو کھلاڑیوں کو اعتماد میں لینے کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی گیا تھا، میں نے پیشکش کی کہ اگر کوئی ذہنی طور پر تیار نہیں اور خطرات محسوس کررہا ہے تو بغیر کسی دباؤ کے میگا ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرنے کیلیے آزاد ہے۔


آئی سی سی کو اس بارے میں آگاہ کرکے متبادل کھلاڑی کا انتخاب کرنے کی گنجائش موجود ہوگی تاہم کوئی پلیئر بھی دستبردار ہونے کیلیے تیار نہ ہوا، سب نے صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے شاندار کاکردگی کا عزم دوہرا دیا۔شہریار خان نے امید ظاہر کی کہ بھارت میں پاکستان ٹیم کو کھیلنے کیلیے بہترین ماحول میسر آئے گا، کولکتہ میں وزیرممتا بینر جی استقبال کریںگی، سابق بھارتی کپتان اور بنگال کرکٹ چیف سارو گنگولی سے بھی فون پر بات ہوئی۔

انھوں نے بھی خیرسگالی جذبات کا اظہار کیا ہے،بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر اور آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈسن کی پریشانی بھی ختم ہوئی اور فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، شہریارخان نے کہا کہ اکا دکا احتجاج ہوجانا کوئی بات نہیں،امید ہے کہ کرکٹ اچھے ماحول میں ہوگی اور ہمارے کرکٹرز ماضی کی طرح اس بار بھی چند افراد کے مخالفانہ جذبات کے باوجود اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہونگے۔
Load Next Story