علامہ اقبال کا 135واں یوم ولادت عقیدت سے منایا گیا

ملک بھر میں عام تعطیل،اخبارات و رسائل نے یوم اقبال پر خصوصی مضامین شائع کیے.

شہر بھر میں تقریبات کا انعقاد،شاعر مشرق کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا فوٹو فائل

اعر مشرق حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 135واں یوم ولادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔


اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی اخبارات و رسائل نے یوم اقبال کے حوالے سے خصوصی مضامین شائع کیے جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز نے خصوصی پروگرام پیش کیے مختلف جماعتوں کے تحت شہر بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں عظیم فلسفی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی قومی خدمات پر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا،متحدہ علما محاذ کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد امین انصاری نے علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پرفکری نشست سے خطاب میں کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال پوری امت مسلمہ کے عظیم محسن ہیں ان کی شاعری نے ان کو مسلمانوں میں جذبہ حریت کی بیداری کے لیے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امرکردیا ہے، پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل نے یوم اقبال کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ کیا اقبال نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جس کی لیڈر شپ بزدل اور کرپٹ ہو، جہاں ایک مسلم خاتون کو کافروں کے حوالے کردیا جائے۔

وہ کراچی پریس کلب کے سامنے اقبال ڈے کے موقع پر ہونے والے مظاہرے سے خطاب کررہے تھے،تحریک منہاج القرآن کے سرپرست ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج اقبال ؒکے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں تحفظ و استحکام پاکستان کے لیے ہر پاکستانی کو اپنی ذمے داریوں کو پہچاننا ہو گا آج سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت ہے وطن عزیز کے ہر طبقے کو حقیقی تبدیلی کے لیے باہر نکلنا ہو گا ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوم اقبال ؒ پر ''سیاست یا ریاست؟'' کے موضوع پر ہونے والے سیمینار سے ٹیلیفونک خطاب میں کیا۔
Load Next Story