’’میں خودکش بمبار ہوں‘‘نفسیاتی شخص نے مسجد میں بھگدڑ مچادی

گلشن اقبال کی مسجد میں جمعہ کی جماعت کھڑی ہونے لگی تو نفسیاتی شخص پیش امام سے لپٹ گیا.

نفسیاتی شخص کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جس نے اسے ایدھی فائونڈیشن بھیج دیا. فوٹو: رائٹرز

گلشن اقبال نعمان کمپلیکس بلاک13/D3میں واقع جامع مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے دوران خود کش بمبار کے داخل ہونے کی اطلاع پر نمازیوں میں بھگدڑ مچ گئی ۔


شور شرابہ سن کر نعمان کمپلیکس کی رہائشی خواتین اور بچوں کا مسجد کے باہر رش لگ گیا اور وہ چیخ چیخ کر مسجد میں موجود اپنے رشتے داروں کو آوازیں لگانے لگیں، عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے خطبے کے فوری بعد جب جماعت کھڑی ہونے لگی تو ایک شخص کھڑا ہو کر پیش امام سے لپٹ گیا اور کہا کہ میری قمیص کے نیچے بم بندھا ہوا جس پر پیش امام نے بھی شور مچانا شروع کر دیا، شور شرابہ سن کر مسجد کے صحن میں موجود نمازیوں میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ علاقے کے منچلے نوجوان دیواروں پر چڑھ گئے۔

مسجد کے پہلی اور دوسری صف میں موجود کچھ نمازیوں نے اپنے آپ کو خودکش بمبار کہنے والے شخص کو پکڑ لیا جس پر اس نے زور زور سے ہنسنا شروع کر دیا، بمبار کی اطلاع پر گلشن اقبال پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس شخص کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ، پولیس کے مطابق حراست میں لیا جانیوالا شخص نفسیاتی تھا اس کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اسے دہشت گرد یا خودکش بمبار سمجھا جائے ، نفسیاتی شخص کو ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا گیا۔
Load Next Story