جو کچھ کیا اپنے سپریم کمانڈر کے کہنے پر کیا اسد درانی

کل 14کروڑ اکٹھے ہوئے ،7کروڑ تقسیم کیے،خودجاکر کسی سیاستدان کو پیسے نہیں دیے

آئی جے آئی غلام اسحاق خان ، حمید گل اور اسلم بیگ کی مرضی سے بنی تھی ، ٹی وی انٹرویو اسد درانی۔ فوٹو: ثناء

KARACHI:
سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی نے کہا ہے کہ آئی جے آئی اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان ، جنرل حمید گل اور آرمی چیف اسلم بیگ کی مرضی سے بنی ۔

جوکچھ کیا اپنے سپریم کمانڈر کے کہنے پر کیا۔ سیاستدانوں کیلیے کل14کروڑ روپے اکٹھے ہوئے ، 7 کروڑ تقسیم ہوئے ، باقی آئی ایس آئی فنڈ میں چلے گئے،میں نے اپنے ہاتھ سے کسی سیاستدان کوپیسے نہیں دیے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کو اس کی ضرورت بھی نہیں ہوتی، بینظیر بھٹو کوکبھی سیکیورٹی رسک نہیں کہا،ایم کیو ایم حقیقی آئی ایس آئی نے نہیں بنائی ، ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھاکہ مجھے بالکل بھی علم نہیں تھا کہ سیاستدانوں کیلیے پیسے اکٹھے کیے جا رہے ہیں، انھیں وسط ستمبر میں جنرل اسلم بیگ نے اس بارے میں بتایا کہ کراچی کی تاجر برادری نے کچھ رقم اکٹھی کی ہے جو سیاستدانوں کو پہنچانی ہے، تاجربرادری کے پاس وقت کم ہے اور ان کے پاس رقم پہنچانے کا کوئی ذریعہ بھی نہیں ہے ، یہ رقم آپ کے ذریعے تقسیم ہو گی اس کا بندوبست کریں۔


کس کو کتنے پیسے دینے ہیں اس کی ہدایات ایوان صدر سے دی جائیں گی ۔ رقم کی تقسیم کے دوران آئی ایس آئی نے بینظیر یا ان کی والدہ کی کی کردارکشی کی کوئی مہم نہیں چلائی ۔ اسد درانی نے بتایا کہ جب وہ جرمنی میں سفیر تھے تو اس و قت کی حکومت نے کہاکہ وہ رقم تقسیم کرنے کے معاملے کی تحقیقات کرنا چاہتی ہے چونکہ رقم ان کے ذریعے تقسیم ہوئی تھی اس یے وہ ایک بیان حلفی دیں، حکومت کے کہنے پر انھوں نے تحفظات کا اظہار کرنے کے بعد بالآخر بیان حلفی دیدیا ۔ انھوں نے بتایا کہ وہ رقم کی تقسیم کے آپریشن کے دوران کبھی بھی نواز شریف سے نہیں ملے۔

نواز شریف سے وہ اس وقت ملے جب وہ وزیراعظم بننے جا رہے تھے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ڈی جی آئی ایس آئی ہوتے ہوئے کبھی پیپلزپارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں نہیں بیٹھے ۔ انھوں نے کہا کہ ان کے علم میں نہیں ہے کہ اعتزازاحسن نے سکھوں کی فہرست بھارت کودی، بینظیر نے ایک موقع پر خودکہا تھا کہ انھوں نے راجیو کی مددکی تھی ۔ ان کی سہیلی نینا گپتا کا2007ء میں ایک مضمون بھارتی اخبار آئوٹ لک میں شائع ہوا جس میں اس نے بینظیر کے حوالے سے کہا کہ راجیو کے ساتھ جو میری ڈیل ہوئی تھی میں نے تو اسے نبھایا مگرراجیو نے نہیں نبھایا ۔

Recommended Stories

Load Next Story