70 ارب روپے سے زائد کی بجلی چوری

گزشتہ 5 سال کے دوران ملک میں 8 ارب 74 کروڑ یونٹ بجلی چوری کی گئی ہے

لوڈشیڈنگ کی اذیت اور لوڈمینجمنٹ کے حساب سے بلوں کی تقسیم ایماندار صارفین کو ناگہانی جرم کی سزا کے طور پر مل رہی ہے۔ فوٹو: فائل

MARDAN:
قومی اسمبلی میں پیش کے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران ملک میں 8 ارب 74 کروڑ یونٹ بجلی چوری کی گئی ہے جس کی قیمت 70 ارب 44 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ایک ایسا ملک جو انرجی کرائسز کا شکار ہے وہاں اس بڑے پیمانے پر بجلی کی چوری نہ صرف قابل مذمت بلکہ اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے، جو بجلی چوری روکنے میں ناکام رہے۔

رپورٹ کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 34 ارب 45 کروڑ روپے کی 5ارب 24 یونٹ بجلی چوری ہوئی جب کہ 5 ارب 20 کروڑ کی وصولیاں کی گئیں۔ پنجاب میں 18 ارب 4 کروڑ روپے کی ایک ارب 63 کروڑ یونٹ بجلی چوری کی گئی۔ خیبرپختونخوا میں 17 ارب 63 کروڑ روپے کی ایک ارب 83 کروڑ یونٹ بجلی چوری گئی۔


مذکورہ اعداد و شمار قوم کے کردار پر بدنما داغ ہیں، بلاشبہ اکثریت ایماندار صارفین کی ہے لیکن مٹھی بھر لوگوں کی جانب سے اس بڑے پیمانے پر بجلی چوری کے مضمرات پوری قوم کو بھگتنے پڑ رہے ہیں، لوڈشیڈنگ کی اذیت اور لوڈمینجمنٹ کے حساب سے بلوں کی تقسیم ایماندار صارفین کو ناگہانی جرم کی سزا کے طور پر مل رہی ہے۔

مناسب ہوگا کہ متعلقہ ذمے دار ادارے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کریں، نیز قوم بھی اپنی اخلاقیات کو درست کرتے ہوئے بجلی چوری سے اجتناب برتے۔ تاکہ ملک کو ترقی کی شاہراہوں پر گامزن ہونے میں مشکلات پیش نہ آئیں۔
Load Next Story