ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی 20 پاکستان آج ویسٹ انڈیز کے خلاف سفر شروع کرے گا

افتتاحی مقابلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو72رنز سے ہرادیا، سری لنکا پرکیویز کا غلبہ

افتتاحی مقابلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو72رنز سے ہرادیا، سری لنکا پرکیویز کا غلبہ. فوٹو: سوشل میڈیا۔

پانچویں آئی سی سی ورلڈ ویمنز ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم اپنا سفر آج ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ سے شروع کرے گی۔

کپتان ثنامیر کا کہنا ہے کہ ہم نے چنئی میں خود کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرلیا، حریفوں کو حیران کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس اسپنرز اور فاسٹ بولرز کا عمدہ امتزاج ہے، دوسری جانب کیریبیئن قائد اسٹیفنی ٹیلر کو ایونٹ میں اپنے شاندار ریکارڈ پر فخر ہے، ٹیم گذشتہ تین ورلڈ ٹی20 کے سیمی فائنلز تک رسائی پاچکی ہے، انھوں نے اس بار بھی عمدہ کھیل کی امید ظاہر کی۔ دوسری جانب گذشتہ روزافتتاحی مقابلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو72رنز سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے5 وکٹ پر 163 کی صورت میں ٹی20انٹرنیشنل کا ملکی ریکارڈ مجموعہ ترتیب دیا۔


اس سے قبل بنگلہ دیش کیخلاف ہی 151 بلو شرٹس کا بہترین ٹوٹل تھا جو انھوں نے 2014 کے ایڈیشن میں بنایا تھا، کپتان متھالی راج 42 اور ہرمنپریت کور40رنز بناکر نمایاں رہیں، ویلاسوامی ونیتھا38اورویدا کرشنامورتھی36رنز ناٹ آؤٹ بنانے میں کامیاب رہیں، فہیمہ خاتون اور رومانہ احمد نے 2،2 پلیئرز کو پویلین بھیجا، بنگلہ ٹیم جوابی اننگز میں 5 وکٹ پر91رنز ہی جوڑپائی، نگارسلطانہ27 رنز ناٹ آؤٹ بناکر نمایاں رہیں، اوپنر شرمین اختر کے 21رنز بھی رائیگاں گئے۔

انوجا پٹیل اور شکھا پانڈے کو 2،2 وکٹیں ملیں۔دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 7 وکٹ سے زیرکرلیا، ناکام ٹیم نے7 وکٹ پر 126رنز بنائے،ڈیلینی مینڈورا37 اوریسودا مینڈس30رنز بناکر نمایاں رہیں، لیگ کیسپیرک نے 19رنز کے عوض 2 شکار کیے، نیوزی لینڈ نے ہدف15.5 اوورز میں 3 وکٹ پرحاصل کرلیا، سارہ میک گلیشن 21 اورایمی سیٹرویتھ13رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں، سوزی بیٹس 37 ، راشیل پرائسٹ 28 اورسوفی ڈیوائن 7رنز بناکر میدان بدر ہوئیں۔
Load Next Story