بھارت کوشکست دینے کا خواب شرمندہ تعبیرنہ ہوسکا

دھونی الیون نے پاکستان کے خلاف جیت کر اپنا ریکارڈ مزید بہتر کرلیا۔

کولکتہ میں شکست کے سبب ورلڈکپ مقابلوں میں ریکارڈ0-11 سے مزید خراب ۔ فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کو شکست دینے کا خواب اس بار بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا، کولکتہ میں 6 وکٹ سے کامیابی کی بدولت دھونی الیون نے اپنا ریکارڈ 11-0 سے مزید بہتر کرلیا، بھارتی ٹیم نے ون ڈے ورلڈ کپ کے 6 مقابلوں میں پاکستان کو شکست دی ہے، مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی یہ پانچویں ہار بنی، باہمی ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں بھارت کو پاکستان پر7-1 کی واضح سبقت حاصل ہے۔

ورلڈ کپ میں باہمی مقابلوں پر نظرڈالی جائے تو دونوں ممالک سب سے پہلے1992 میں مدمقابل آئے ، سڈنی میں منعقدہ گروپ مرحلے میں بھارت نے 43 رنز سے کامیابی پائی تھی، بنگلور میں 1996 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں میزبان ٹیم نے 39رنز سے فتح سمیٹی، 1999 کے ایڈیشن میں مانچسٹر کے مقام پر بھارت نے 47رنز سے میدان مارلیا۔


2003 میں سنچورین میں ورلڈ کپ ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹ سے زیرکیا، 2007 کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں مقررہ وقت پر ٹائی ہونے کے بعد باؤل آؤٹ مرحلے میں بھارت فتحیاب رہا جبکہ اسی ایونٹ کے فائنل میں بھی دونوں روایتی حریف پھر مدمقابل آئے اور بھارت نے 5رنز سے کامیابی پائی۔

2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں موہالی میں منعقدہ میچ میں بلو شرٹس نے29رنز سے جیت کو اپنا مقدر بنایا، 2012 کے ورلڈ ٹی 20 میں کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم پر بھارتی ٹیم 8 وکٹ سے کامیاب ہوئی، بنگلہ دیشی شہر میرپور میں2014 کے ورلڈ ٹی 20 میں بھارت نے 7 وکٹ سے فتح پائی، 2015 کے ورلڈ کپ میں ایڈیلیڈ کے مقام پر بھارت نے 76رنز سے کامیابی سمیٹی۔ اب ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016میں 6 وکٹ سے فتح کو گلے لگایا۔
Load Next Story