اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کی منظوری

آپریشن ضرب عضب کے بعد امن و امان کا قیام اور حکومتی مثبت پالیسیوں کے باعث معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے

یہ پالیسی فریم ورک تمام فریقین سے ایک سال جامع مشاورت کے بعد تشکیل دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

تجارت سے متعلق مسائل کے جائزے اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 2015-18 کی منظوری دے دی ہے، جو نہ صرف ٹریڈنگ مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگا بلکہ گزشتہ برسوں میں برآمدات کے ہدف کی عدم تکمیل اور نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے وجوہات کا تعین اور آیندہ مالی ہدف تکمیل پانے میں موثر اقدامات مرتب کرے گا۔ واضح رہے کہ یہ پالیسی فریم ورک تمام فریقین سے ایک سال جامع مشاورت کے بعد تشکیل دیا گیا ہے۔

حالیہ عالمی تجارتی ماحول، مختلف اندرونی و بیرونی وجوہات کی بنا پر سال 2015 میں پاکستانی برآمدات میں کمی کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے اس اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پر مشاورتی عمل کیا جائے گا۔ مذکورہ پالیسی کی خاص بات یہ ہے کہ وزیر تجارت کی سربراہی میں ایک ٹریڈ کمپنی بھی تشکیل دی گئی ہے جو اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 2015-18 پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کرے گی، یہ مانیٹرنگ کمپنی تجارت کے فروغ سے متعلق مسائل کے جائزہ اور ان کے حل اور عالمی مسابقت کے استحکام کے لیے کام کرے گی۔


مذکورہ عمل کے نتیجے میں تاجروں کے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے گریزاں کرنے والی شکایات کے ازالے میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ معاشی اہداف کی تکمیل مزید تاجروں کو کاروبار کی جانب راغب کرنے اور نئی کمپنیوں کے قیام میں معاون ثابت ہوگی جس سے ملکی معیشت مزید بہتری کی جانب گامزن ہوگی۔ٹریڈ پالیسی فریم ورک میں سالانہ برآمدات 35 ارب ڈالر تک بڑھانے کے اہداف پر کامیابی کے لیے تمام رکاوٹیں ختم کرنے کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مالی سال 2015-16 کے دوران ٹریڈ پالیسی اقدامات پر عملدرآمد کے لیے چھ ارب روپے بجٹ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

گزشتہ برسوں کے دوران ملک امن و امان کے حوالے سے جن مسائل سے دوچار رہا اس سے تجارتی و کاروباری حلقوں کا بہت بڑا حصہ ملک سے باہر سرمایہ کاری کرنے پر مجبور ہوگیا جس سے نہ صرف ملک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے بلکہ تاجروں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد بھی مجروح ہوا۔ آپریشن ضرب عضب کے بعد امن و امان کا قیام اور حکومتی مثبت پالیسیوں کے باعث معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، جس کی ہمارے ملک کو اشد ضرورت ہے، حکومتی پالیسیوں پر یہی اعتماد تاجروں کو مزید فعال کرے گا۔ اس تناظر میں مذکورہ اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کو خوش آیند قرار دیا جاسکتا ہے۔
Load Next Story