کریم آبادفائرنگ سے ہلاک ہونیوالے اسکالرحیدر زیدی سپردخاک

گولیمار چورنگی پر نامعلوم افراد کی ہنگامہ آرائی،دو گاڑیاں نذر آتش، ٹریفک معطل.

مقتول رضویہ سوسائٹی کے رہائشی اورآئی ایس اوکے ذیلی ادارے نظارت کے رکن تھے. فوٹو: فائل

فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکن اور اسکالر سید حیدر زیدی کو گذشتہ روز سپرد خاک کردیا گیا ۔


مقتول کی نماز جنازہ رضویہ امام بارگاہ میں ادا کی گئی ،اس دوران نامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور2گاڑیوں کو نذر آتش کردیا ، بعدازاں پولیس کی سخت سیکیورٹی میں جلوس جنازہ سرجانی ٹائون لے جایا گیا جہاں انھیں وادی اسلام قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کریم آباد کے فیصل بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما 40 سالہ سید حیدر زیدی عرف سعید بھائی ولد غضنفر زیدی ہلاک ہوگئے تھے ، مقتول رضویہ سوسائٹی کے رہائشی اور4بچوںکے باپ تھے،مقتول امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ذیلی ادارے نظارت کے رکن تھے۔

مقتول کی نماز جنازہ گذشتہ روز رضویہ امام بارگاہ میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ کے بعد نامعلوم افراد نے گولیمار چورنگی پر واٹرٹینکر اورسوزوکی کونذرآتش کردیا ، نامعلوم افراد نے گولیمار چورنگی پر ہنگامہ آرائی کی جس کے باعث اطراف کے علاقے میں ٹریفک معطل ہوگیا ، اس دوران پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات تھی ، بعدازاں جنازے کو جلوس کی شکل میں سرجانی ٹائون میں واقع وادی اسلام قبرستان لے جایا گیا جہاں انھیں سپرد خاک کردیا گیا۔
Load Next Story