وزیراعلیٰ بہارکی مزار قائد پرحاضری پاک بھارت مسائل کاحل صرف مذاکرات سے ممکن ہے نتیش کمار

صوبائی سطح پرلوگوں کا آناجانا ہوگا تو ایک دوسرے کوجاننے اورسمجھنے کا موقع ملےگا،ہماری تاریخ ،ثقافت اوروراثت ایک ہے۔

پاکستان آنیوالے بھارتی صوبے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور صوبائی وزرا کے ہمراہ مزار پر حاضری دے رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

بھارت کی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کما رنے کہا ہے کہ مل جل کرچلنے سے نا صرف دونوں ممالک کے درمیان امن قائم ہوسکتا ہے بلکہ پاکستان اور بھارت ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں ۔

بھارت کے صوبے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے ۔ اس موقع پر صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہاکہ صوبائی سطح پر بھی لوگوں کا آنا جانا ہوگا تو ایک دوسرے کو جاننے اور سمجھنے کا موقع ملے گا ، ہماری تاریخ ، ثقافت اور وراثت ایک ہے، انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دل میں ایک دوسرے کی طرف جانے کی خواہش ہے،انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آگے جانے کا سلسلہ بڑھنا چاہیے جس سے رشتے مضبوط ہوں گے، نتیش کمار نے کہا کہ خطے میں امن و امان اور ترقی کیلیے ضروری ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایک ساتھ مل جل کر چلیں، نتیش کمار نے کہا کہ کراچی آنے کی خواہش پوری ہوگئی ہے ۔


انھوں نے کہا کہ بھارت سے امن ، محبت اور بھائی چارے کا پیغام ساتھ لایا ہوں ، دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھنے چاہیے اور وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید استوار ہوسکیں ۔ جبکہ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ دونوں حکومتیں چاہتی ہیں کہ مراسم بڑھیں اور جو مسائل ہیں دونوں ملکوں کے درمیان وہ بات چیت سے ہی حل ہوں ۔ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کو حل کرنے کیلیے وفاقی سطح پر بات چیت کی جا رہی ہے ، امید ہے وقت کے ساتھ عوام کا بھی اسی طرح آنا جانا ہوگا اور آہستہ آہستہ دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں بھی دور ہو رہی ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی ثقافت ، تہذیب و تمدن یکساں ہے، بعدازاں بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نیتش کمار اور ان کی کابینہ کے ارکان نے ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو سے ملاقات کی۔

ملاقات میں صوبائی وزیر آغا سراج درانی ، جام مدد علی ، سید سردار احمد ، رضا ہارون ، ایم این اے شازیہ مری سمیت دیگر بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران پاک بھارت تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کی ایک دوسرے کی طرف آنے جانے کے سلسلے کو آسان بنانے کے لیے کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ ، نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پاکستان بھارت سے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط چاہتا ہے ۔ اس قسم کے دورے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہے ۔ اس عمل سے پاک بھارت عوام میں مزید قربتیں بڑھیں گی، اس موقع پر بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے سندھ اسمبلی میں بھرپور استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرنے پر کہا کہ انہیں سندھ اسمبلی آنے پر خوشی ہوئی ہے، اس سے قبل اسپیکر سندھ اسمبلی نے بھارتی وفد کو سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی اور شیلڈ پیش کی ۔

علاوہ ازیں نتیش کمار سمیت دیگر یاتریوں کی سادھو بیلہ میں ظہرانے میں شرکت کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں، سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس نے بھی تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی دعوت پر پاکستان آنیوالے بھارتی صوبہ بہار کے وزیر اعلیٰ شری نتیش کمار اپنے 12 رکنی وفد کے ہمراہ آج اتوار کی صبح 10 بجے وزیر اعلیٰ سندھ کے خصوصی جہاز کے ذریعے کراچی سے موئن جو دڑو ایئرپورٹ پہنچ رہے ہیں۔
Load Next Story