سیمی فائنل بھارتی بورڈ نے فکسنگ کا الزام مسترد کردیا

بی سی سی آئی نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

سابق بیٹسمین باسط علی کا کہنا ہے کہ برطانوی صحافی نے سستی شہرت کیلیے ایسی باتیں کیں. فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ 2011 کے سیمی فائنل میں میچ فکسنگ کا الزام مسترد کر دیا۔


صدر این سری نواسن کے مطابق ایسے دعوے بلو شرٹس کی توہین ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی کے ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرنے سے قبل تمام تر تفصیلات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ادھر سابق بیٹسمین باسط علی کا کہنا ہے کہ برطانوی صحافی نے سستی شہرت کیلیے ایسی باتیں کیں، اس کا واحد مقصد اپنی کتاب کو بیچنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ایک برطانوی اخبار نے صحافی کی کتاب کے بعض اقتباسات شائع کیے ، جس میں پاک بھارت ورلڈکپ سیمی فائنل کو مشکوک قرار دیا گیا تھا، بی سی سی آئی نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے، نائب صدر این سری نواسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے الزام ہماری ٹیم کی توہین کے مترادف ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی کے ایک آفیشل نے بھی ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کو اہمیت نہیں دینی چاہیے، آئی سی سی بھی مذکورہ میچ کو کلین چٹ دے چکی ہے، برطانوی صحافی نے پبلسٹی کیلیے ایسے دعوے کیے، ہم اس کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرنے سے قبل تمام تر تفصیلات کا جائزہ لیں گے، دوسرا آپشن یہ ہے کہ کتاب کے شائع ہونے کا انتظار کیا جائے۔ یاد رہے کہ سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ نے موجودہ حکام کو الزام لگانے والے برطانوی صحافی کے خلاف قانونی کارروائی کا مشورہ دیا ہے ، دریں اثنا سابق پاکستانی ٹیسٹ بیٹسمین باسط علی نے کہا کہ برطانوی صحافی نے سستی شہرت کے لیے ایسی باتیں کیں، اس کا واحد مقصد کتاب کو بیچنا ہے،اس کوشش میں یہ بھی نہیں سوچا گیا کہ اس سے دیگر افراد کی ساکھ متاثر ہو گی، اس طرح کی رپورٹس کے ذریعے پاکستانی ٹیم کے دورئہ بھارت کو متاثر کیا جارہا ہے ۔
Load Next Story