پہلے ٹیسٹ سے قبل انگلش بیٹسمینوں نے اعتماد حاصل کرلیا

ہریانہ کو فتح کے لیے 442 کا مشکل ترین ہدف ملا۔

انگلینڈ نے لنچ کے بعد6وکٹ پر 254رنز بناکر اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل انگلش بیٹسمینوں نے اعتماد حاصل کرلیا، ہریانہ کیخلاف ڈرا ہونے والے ٹور میچ میں اوپنر جوناتھن ٹروٹ 101رنز بناکر ریٹائرڈ آئوٹ ہوئے۔


نک کامپٹن نے79 اور ای ین بیل نے 48 رنز کی اننگزکھیلیں، 442 کا مشکل ہدف پانے والی میزبان ٹیم کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگز میں 6وکٹ پر 133رنز بناپائی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے لنچ کے بعد6وکٹ پر 254رنز بناکر اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا، ہریانہ کو فتح کے لیے 442 کا مشکل ترین ہدف ملا، 110پر6 وکٹیں گنواکر ٹیم لڑکھڑائی،ٹم بریسنن نے سات اوورز میں 13رنز کے عوض2وکٹیں اپنے نام کیں،دونوں ٹیموں نے باہمی رضامندی سے 10اوورز قبل ہی کھیل ختم کرنے پر اتفاق کرلیا۔

اس وقت ہریانہ کا اسکور 6 وکٹ پر 133رنز تھا، اس سے قبل انگلش اوپنر جوناتھن ٹروٹ نے گذشتہ دن کے انفرادی اسکور 61 سے اننگز کو آگے بڑھایا اور 101رنز بناکر ریٹائرڈ ہوگئے، انھوں نے اپنے دیگر ساتھیوں کو احمد آباد ٹیسٹ سے قبل بیٹنگ پریکٹس کا موقع فراہم کیا، نک کامپٹن نے 79کی اننگز کھیلی، ان کا ٹیسٹ ڈیبیو یقینی ہے، ای ین بیل نے 48رنز بنائے،دوسری جانب اسٹورٹ براڈ اور اسٹیون فن نے اتوار کو نیٹ پر پریکٹس کی، جس کے بعد ان کی پہلے ٹیسٹ میں شرکت کا امکان روشن ہوگیا، ٹیم مینجمنٹ نے اعلان کیاکہ بچی کی علالت کے سبب لندن واپس جانے والے اسپنر گریم سوان پیر کو دوبارہ انگلش ٹیم جوائن کرلیں گے۔
Load Next Story