پسند کی جگہ نہ بٹھانے پر نون لیگی سینئر کارکن ناراض

قادر بخش لاکھو نے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا،10 روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان.

حیدرآباد:قادر بخش لاکھو کو مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام ضلعی صدر حنیف صدیقی منانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

SWAT:
مسلم لیگ نون حیدرآباد کے سینئر کارکن قادر بخش لاکھو نے ضلعی قائم مقام صدر کی پریس کانفرنس میں نہ بٹھائے جانے پر ناراض ہوکر پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے10 روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا۔


تفصیلات کے مطابق حیدرآباد پریس کلب میں مسلم لیگ نون ضلع حیدرآباد کے قائم مقام صدر حنیف صدیقی پریس کانفرنس کررہے تھے اس دوران سینئر کارکن قادر بخش لاکھو اپنی پسند کی جگہ سے ہٹائے جانے پر ناراض ہو گئے اور پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے احتجاج شروع کر دیا، انھوں نے مقامی رہنماؤں کے خلاف نعرے بھی لگائے جس کے باعث پارٹی کارکنان کی ان سے تلخ کلامی بھی ہوئی، قادر بخش نے میڈیا کو بتایا کہ وہ مسلم لیگ ن کے سینئر کارکن اور انھوں نے قربانیاں دی ہیں، وہ پارٹی کے لیے پابند سلاسل بھی رہے لیکن اس کے باوجود مقامی عہدیدار انہیں نظر انداز کر رہے ہیں۔

انھوں نے الزام عائدکیا کہ ایک کارکن مشتاق سانگی نے اس پر تشدد بھی کیا ہے، جب کہ مقامی رہنماء خالد عزیز آرائیں کی غلط پالیسیوںکے باعث پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے اور وہ صرف من پسند کارکنان کو ترجیح دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں سینیئر کارکنان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ اس واقعے کے خلاف وہ پریس کلب کے سامنے دس روزہ بھوک ہڑتال کریں گے اور انصاف نہ ملنے پر خود سوزی کر لیں گے۔ دوسری جانب حنیف صدیقی کا کہنا تھا کہ قادر بخش کی وہ بہت عزت کرتے ہیں، انہیں پریس کانفرنس میں بٹھایا گیا تھا، لیکن وہ خود ہی ناراض ہوکر چلے گئے۔
Load Next Story