پیپلزپارٹی مذہبی منافرت کی تمام شکلوں کو مسترد کرتی ہے زرداری

مذہب کے نام پر مسیحیوں کے خلاف چند قوانین قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں، سابق صدر

مذہب کے نام پر مسیحیوں کے خلاف چند قوانین قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں، سابق صدر۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سابق صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ بلا تفریق مذہب، رنگ و نسل، انسانی مساوات، مذہبی برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔


اپنے پیغام میں آصف زرداری نے کہا کہ وہ پاکستان اورتمام دنیا میں مسیحیوں کو ایسٹر کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس موقع پرانھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مذہبی منافرت کی تمام شکلوں کو مسترد کرتی ہے اور مذہب کے نام پر اقلیتوں خاص طور پر مسیحیوں کے خلاف چند قوانین قطعی طور پر مسترد کرتی ہے، مذہب کے نام پر مذہبی امتیاز اور تشدد کا نظریہ دہشت گردی کی بنیاد ہیں اور دہشت گردی کو ہر صورت میں ختم ہونا چاہیے۔

اقلیتوں کے خلاف توہین مذہب کے قانون کے نام پر بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سابق صدر نے تمام دانشوروں اور اسکالرز سے کہا کہ وہ اس بات پر غور و فکر کریں کہ ان واقعات کو کس طرح روکا جائے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے، انھوں نے مسیحی برادری کو امن پسند، قانون پر عمل کرنے اور وفادار ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں ان کے کردار کو سراہا، آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئیں مل کر اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں تاکہ وہ آزادانہ طور پر اپنے مذہبی فرائض سرانجام دے سکیں۔
Load Next Story