شہر یار نے ذاکر خان کیخلاف انکوائری رپورٹ رد کی

انڈر19ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے پر زور دیا تھا، رپورٹ

انڈر19ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے پر زور دیا تھا، رپورٹ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین شہریار خان نے انڈر19 ٹیم کے منیجرذاکر خان کے خلاف انکوائری رپورٹ مسترد کردی، 2 رکنی کمیٹی نے ان پر یوتھ ورلڈ کپ کے دوران ڈسپلنری خلاف ورزیوں کا الزام عائدکیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی انڈر 19 ٹیم بنگلہ دیش میں کھیلے گئے یوتھ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوگئی تھی، اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے گورننگ بورڈ ممبر نعیم گیلانی اور آغا زاہد پر مشتمل دو رکنی انکوائری کمیٹی قائم کی، جس نے اپنی رپورٹ میں الزام عائد کیا کہ ذاکر خان انڈر 19 ورلڈ کپ میں کئی میچز کے دوران غیر حاضر رہے۔


اس کے ساتھ انھوں نے کپتان اور ہیڈ کوچ پر ویسٹ انڈیز کے خلاف کوارٹر فائنل میں ٹاس جیتنے کی صورت میں پہلے بیٹنگ کرنے کیلیے دباؤ ڈالا جبکہ کپتان اور کوچ دونوں بولنگ کیلیے سازگار کنڈیشنز سے پہلے فائدہ اٹھانے کے حق میں تھے، کمیٹی نے سفارش کی کہ اس حرکت پر ذاکر خان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔

جب یہ رپورٹ چیئرمین شہریار خان کو موصول ہوئی تو انھوں نے اسے فوری طور پر مسترد کردیا۔ 'ایکسپریس ٹریبون' سے بات کرتے ہوئے ایک آفیشل نے بتایا کہ ایک طرف توشہریار خان خود بورڈ کے معاملات بہتر کرنا چاہتے ہیں اور دوسری جانب انھوں نے ذاکر خان کے خلاف رپورٹ اس لیے مسترد کردی ہے کیونکہ وہ سابق عظیم کپتان عمران خان کے عزیز ہیں۔

ایک اور ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار خان کی جانب سے رپورٹ کو مسترد کرنے کی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ انکوائری کمیٹی کو ذاکر خان کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہی نہیں گیا تھا، انھوں نے اپنے اختیار سے تجاوز کیا، اسی کمیٹی نے اب نئی سفارشات چیئرمین کو بھیجی ہیں جن میں سفارش کی گئی ہے کہ آئندہ ذاکر خان کو کبھی بھی ٹیم منیجر نہ بنایا جائے، اگر چیئرمین یہ بات مان لیتے ہیں تو پھر پی سی بی ٹیم مینجمنٹ کارروائی آگے بڑھائے گی۔
Load Next Story