پاک بھارت تعلقات میں بہتری سے خطے میں خوشحالی آئیگی نتیش کمار

وزیر اعلیٰ بہار کا سیمینار سے خطاب،موہٹہ پیلس میں عشائیہ، قائم علی شاہ ودیگر کی شرکت

لاڑکانہ:وزیراعلیٰ بہار نتیش کمار وفد کے ہمراہ موئن جو دڑو کا دورہ کر رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

بھارت کی ریاست بہارکے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھارت اور پاکستان کے مابین برادرانہ ، امن اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلقات میں بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سے خطہ میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

وہ وزیراعلیٰ ہائوس میں شہید بے نظیر بھٹو بینکوئٹ ہال میں'سندھ اور بہار کے تجربات کے تبادلے' کے موضوع پر سیمینارسے خطاب کررہے تھے ۔ شری نتیش کمار نے کہا کہ وہ پاکستان کے لوگوں کے لیے نیک تمنائیں لائے ہیں ۔ انھوں نے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے متعدد تفصیلی رپورٹس کا بھی تذکرہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ بہار میںانسانی ترقی بالخصوص لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کی جانب بھرپور توجہ اور مکمل طریقے سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور زراعت کے شعبہ کو بھی ترجیح دی جارہی ہے ۔ اگر بھارت اور پاکستان مل کر امن و آشتی ، عدم مداخلت اور برادرانہ ماحول میں کام کریں تو بہتر اور مؤثر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔


انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ریاست بہار کے دورے کی دعوت دی ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قا ئم علی شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے غربت کے خاتمے ، تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں آنے والے وفد کے اعزاز میں کراچی کے تاریخی موہٹہ پیلس میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سینئر وزراء کے ہمراہ بھارتی وفدکا موہٹہ پیلس کے داخلی دروازے پر استقبال کیا ۔

تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو ، صوبائی وزارء منظور وسان ، ایاز سومرو ، جام مہتاب ڈھر ، شرجیل میمن، مراد علی شاہ ، مکیش چائولہ ، ڈاکٹر محمد علی شاہ ، توقیر فاطمہ بھٹو ، رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ ، دیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، بھارت سمیت مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔ تقریب میں سندھ کے نامور الغوزہ نواز اکبر خان خمیسو نے سندھی موسیقی کی دھنوں سے مہمانوں کو محظوظ کیا جبکہ لوک فنکارہ تاج مستانی اور صوفی راگی جمال الدین فقیر نے شاہ عبدالطیف بھٹائی اور سچل سرمست کے صوفیانہ کلام پیش کرکے مہمانوں پر سحر طاری کردیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story