ہر صورت شہریوں کے جان ومال کا تحفظ کیا جائیگاگورنروزیراعلیٰ

شہر کے حساس علاقوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا گشت بڑھانے کی ہدایت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ پریڈی تھانے کے اچانک دورے کے موقع پر ریکارڈ چیک کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے شہر میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔


انھوں نے واضح کیاکہ شہر میں ہر صورت امن قائم اور لوگوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ڈاکٹر عشرت العباد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اس موقع پر امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہر کے حساس علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت بڑھایا جائے اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔

انھوں نے قیام امن کیلیے زیادہ سے زیادہ نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ اور گورنر نے فیصلہ کیا کہ وہ ذاتی طور پر صورتحال کی مانیٹرنگ کرینگے اور اچانک دوروں کے ذریعے پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، انھوں نے کہا کہ غفلت اور فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علما سے رابطوں کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ ان سے مل کر امن و امان کو بہتر بنایا جاسکے۔

Recommended Stories

Load Next Story