نوازشریف زرداری کرپشن کے داغ مٹا کر الیکشن لڑیں جاوید ہاشمی

احتساب 70 سے شروع ہو، اصغر خان کیس میں چند نام ڈراپ ہوئے، مجھے عدالت نے بری کیا

امریکا خطے کو دوزخ بنانا چاہتا ہے، برسراقتدار قوتیں ایجنسیوں کی حمایت میں لگی ہیں فوٹو ایکسپریس

تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف پہلے اپنا دامن صاف کریں پھر الیکشن میں حصہ لیں۔


اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ضیاء الحق سے لے کر اب تک قوم سے جو کھیل کھیلا گیا وہ اب ختم ہونا چاہئے مگر اب بھی برسراقتدار دونوں قوتیں ایجنسیوں کی حمایت کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ جن لوگوں نے دولت کی خاطر سیاست کی ان سے وہ دولت واپس لے کر قوم پر خرچ کی جائے اور یہ عمل 70ء سے شروع کیا جائے۔ 70ء میں جو جائیداد ان کے پاس تھی وہ رہنے دی جائے باقی ضبط کرلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حبیب بنک کا برانچ منیجر یونس حبیب ایک بنک کا سربراہ کیسے بن گیا یہ بات بھی قوم کے سامنے لائی جائے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ اصغر خان کیس میں جن لوگوں کے نام ڈراپ کئے گئے ان میں اعجاز الحق' ہمایوں اختر' صدیق خان کانجو' عبدالستار لالیکا' اسحاق ڈار اور میرا نام بھی شامل تھا مگر میں واحد شخص ہوں جس نے اسیری کی حالت میں کیس کا نیب میں سامنا کیا اور نیب نے مجھے بری الذمہ قرار دیا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اصغر خان کیس کی تحقیق کیلیے ایک مضبوط کمیشن بنایا جائے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ عدلیہ اور آرمی چیف میں کوئی جنگ نہیں ،عدلیہ بھی آئین کو فالو کرے گی اور اشفاق پرویز کیانی بھی احکام کو مانیں گے اور تابعداری کریں گے، آخری فتح جمہوریت کی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اس خطہ سے جانا بھی چاہتا ہے مگر جانے سے پہلے اس کو دوزخ بنانا چاہتا ہے۔
Load Next Story