نئی سلیکشن کمیٹی کا ’’سلیکشن‘‘ رواں ہفتے متوقع رسہ کشی تیز

محسن خان نے پیشکش قبول نہیں کی،چیف سلیکٹر کے بجائے کوچ بننا چاہتے ہیں، چند کرکٹرز سے بات چیت جاری ہے، شہریار

 ون ڈے کپتان اظہر علی کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا،ٹیسٹ قائد مصباح سے ملاقات کر کے مستقبل کا پلان پوچھوں گا ۔ فوٹو: فائل

نئی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کا ''سلیکشن'' رواں ہفتے متوقع ہے،اس حوالے سے رسہ کشی تیز ہوگئی،چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے کہاکہ محسن خان نے پیشکش قبول نہیں کی وہ چیف سلیکٹر کے بجائے کوچ بننا چاہتے ہیں۔

ان کے مطابق ون ڈے کپتان اظہر علی کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، ٹیسٹ قائد مصباح الحق سے ملاقات کر کے مستقبل کا پلان پوچھوں گا۔ شاہد آفریدی بطور عام کھلاڑی مزید کھیل سکتے ہیں، ہارون رشید کو فوری طور پر تو نہیں البتہ مستقبل میں کوئی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے، انھوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز لاہور سے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ پی سی بی نے ہارون رشید کی زیرسربراہی سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی تھی۔

نئے ارکان کے حوالے سے سوال پر شہریارخان نے کہا کہ آئندہ 2،3روز میں کمیٹی کااعلان کر دینگے، میری چند سابق کرکٹرز سے بات چیت جاری ہے مگر ابھی ان کا نام نہیں بتا سکتا۔انھوں نے کہا کہ ہم نے محسن حسن خان کو چیف سلیکٹر بنانے کی پیشکش کی مگر وہ کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں، میں ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں، کوچ کیلیے بورڈ نے اشتہار دیدیا، مطلوبہ اہلیت پر پورا اترنے والا کوئی بھی کھلاڑی درخواست دے سکتا ہے۔


شہریارخان نے کہا کہ ہارون رشید بہت محنتی اور ایماندار شخص ہیں، فوری طور پر تو نہیں مگر مستقبل میں انھیں بورڈ میں کوئی نہ کوئی ذمہ داری ضرور سونپی جائے گی۔ بورڈ نے سرفراز احمد کو ٹوئنٹی 20کپتان مقرر کر دیا مگر ون ڈے کے حوالے سے ابھی کوئی اعلان نہیں کیا ہے،اس حوالے سے سوال پر شہریارخان نے کہا کہ اظہر علی کو کپتان برقرار رکھنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، انگلینڈ سے سیریز میں وقت ہے۔

مشاورت سے ہی کوئی قدم اٹھائیں گے،سرفراز احمد کو اگلے ٹی ٹوئنٹی سے 5ماہ قبل ہی قیادت سونپنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ مختصر طرز میں شاہد آفریدی کے بعد وہی قیادت کیلیے بہترین انتخاب ہیں، ابھی سے اعلان اس لیے کر دیا تاکہ وہ ذہنی طور پر چیلنجز کیلیے تیار ہو جائیں، ایک سوال پر چیئرمین بورڈ نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کمنٹری کے سلسلے میں ملک سے باہر رہے ان سے ابھی مستقبل پر تبادلہ خیال نہیں ہو سکا۔

وہ میرے مشیر بھی ہیں، وطن واپس آئے تو پوچھوں گا کہ انگلینڈ جانے کے حوالے سے کیا سوچا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ شاہد آفریدی بطور عام کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل سکتے ہیں، البتہ دوبارہ کپتان نہیں بنایا جائے گا، وہ اگر فٹ ہوئے تو ضرور قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
Load Next Story