ٹاول سیکٹر کو ٹیکسپو سے 1 کروڑ ڈالر کے آرڈرز ملنے کی توقع

قطر، سعودیہ، تھائی لینڈ اور یو اے ای نے ٹیری ٹاول پروڈکٹس میں دلچسپی لی،فرخ مقبول

قطر، سعودیہ، تھائی لینڈ اور یو اے ای نے ٹیری ٹاول پروڈکٹس میں دلچسپی لی،فرخ مقبول فوٹو: فائل

MIRANSHAH:
ٹیکسپو بین الاقوامی نمائش میں مقامی ٹاول انڈسٹری کو 10 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔

ٹیکسپو میں قطر، سعودی عرب، تھائی لینڈ، مشرق وسطیٰ اور متحدہ عرب امارات جیسے ان غیرروایتی ممالک کے نئے خریداروں نے ٹیری ٹاول پروڈکٹس کے برآمدی معاہدوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے جہاں سیاحتی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ یہ بات ٹاول مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین فرخ مقبول نے ٹاول پویلین میںپریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔


اس موقع پر سید عثمان علی، افتخارملک، عدنان سلیم، علی رضا اور مزمل حسین بھی موجود تھے، فرخ مقبول نے بتایا کہ ٹیکسپونمائش کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا ہے، نمائش میں غیرروایتی ممالک کے انسٹی ٹیوشنز، ہوٹل، اسپتال، ریٹیلرچینز اور حکومتی اداروں نے ٹیری ٹاول مصنوعات کی خریداری میں زیادہ دلچسپی ظاہر کی ہے جوانڈسٹری کیلیے نیک شگون ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریفنڈز کی عدم ادائیگیوں کی وجہ سے سرمائے کی قلت، 11 فیصد کے بالواسطہ ٹیکسز اور غیرروایتی ممالک کے کسٹمز ڈپارٹمنٹس کی رکاوٹوں کی وجہ سے مقامی ٹاول انڈسٹری55 تا60 فیصد استعداد پر آپریشنل ہے، حکومت اگر ریفنڈز کی باقاعدگی سے بروقت ادائیگیاں اور11 فیصد بالواسطہ ٹیکسوں کا خاتمہ کردے تو پاکستان کی صرف ٹیری ٹاول پروڈکٹس کی برآمدات ایک سال میں2 ارب ڈالر سے تجاوز کرسکتی ہیں۔

انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ وہ غیرروایتی ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے فی الفور فری ٹریڈ ایگریمنٹس کا میکنزم ترتیب دے اور ان ممالک میں تعینات پاکستانی کمرشل اتاشیوں کو خصوصی ٹاسک دے۔ فرخ مقبول نے بتایا کہ سندھ ریونیو بورڈ کی جانب سے ٹیری ٹاول کے برآمدکنندگان کے بائنگ ہاؤسز کو بھی 14 فیصد سیلزٹیکس کی ادائیگیوں کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں جو باعث تشویش ہے، حکومت کو کم ازکم برآمدی شعبوں کو اس نوعیت کے ٹیکسوں سے آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story