قومی ٹوئنٹی 20 ایونٹ وینیو کے انتخاب نے بورڈ کو مشکل میں ڈال دیا

کراچی کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں انتظامی حوالے سے دشواریاں، ملتان میں اوس میچز کو بُری طرح متاثر کرے گی۔

ٹورنامنٹ کا آغاز 2 دسمبر سے ہوگا، 10 تاریخ تک اختتام کی توقع ہے، شائقین کو شاندار کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، چیئرمین فوٹو: اے ایف پی / فائل

قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کیلیے وینیو کے انتخاب نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مشکل میں ڈال دیا۔

کراچی کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں انتظامی حوالے سے دشواریاں ہوں گی، ملتان سمیت پنجاب کے دیگر مجوزہ سینٹرز میں رات کو پڑنے والی اوس میچزکو بُری طرح متاثر کرسکتی ہے، فیصلہ دو، تین روز میں ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق دورئہ بھارت کیلیے ٹیم سلیکشن کے پیش نظر خصوصی اہمیت اختیار کرنے والے ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ کا انعقاد شیڈول سے پہلے دسمبر کے پہلے ہفتے میں کیا جا رہا ہے، سلیکٹرز باریک بینی سے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے حتمی اسکواڈ تشکیل دینگے۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے اس حوالے سے ایک انٹرویو میں کہاکہ ایونٹ کی میزبانی کے لیے کراچی اور ملتان پر غور کیا جارہا ہے،کرکٹ کمیٹی دونوں آپشنز کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گی، بھارت کیخلاف سیریز سے قبل خصوصی اہمیت کے حامل مقابلوں کے لیے درست وینیو کا انتخاب کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں گے۔


ایونٹ کی میزبانی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل بہت سے معاملات کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے،امید ہے کہ کمیٹی دو، تین روز میں کسی نتیجے تک پہنچ جائے گی۔ چیئرمین بورڈ کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 2 دسمبر سے ہوگا، توقع ہے کہ مقابلے 10 دسمبر تک مکمل ہوجائیں گے، گذشتہ ٹورنامنٹ بھی خاصا مقبول اور کامیاب رہا،نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آیا، اس بار بھی شاندار کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، مقابلے کسی بھی شہر میں ہوں، شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔ ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے شہر کا انتخاب مشکل فیصلہ بن گیا ہے۔

کراچی میں سیکیورٹی اور دیگر انتظامات میں دشواری ہوگی، ملتان سمیت پنجاب بھر میں رات کو اوس پڑتی ہے،اس سے فیلڈ گیلی اور گیند کی حالت خراب ہونے پر کسی ایک ٹیم کو غیر معمولی فائدہ پہنچ سکتا ہے، نرم گیند پر اسٹروکس کھیلنا بھی آسان نہیں ہوگا، یوں اکثر بیٹنگ میں مشکلات کا شکار رہنے والی قومی ٹیم کے لیے مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے کی خاطر کرکٹرز کی حقیقی صلاحیتیں نہیں جانچی جاسکیں گی۔
Load Next Story