دبئی انٹرنیشنل پراپرٹی شو کی پذیرائی

پاکستان میں معاشی استحکام آنے کے بعد ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں سرمایہ کاری کے ضمن میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے

دبئی میں منعقدہ نمائش میں پاکستان پویلین قائم کر کے ایکسپریس میڈیا نے ثابت کردیا ہے کہ اس کا وژن سب سے جدا ہے ۔ فوٹو : فائل

ایکسپریس میڈیا گروپ تواتر سے ایسے پروگرام تشکیل دیتا ہے جس کے ذریعے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے اور ان کی فلاح کا پہلو بھی نکلے۔ وطن عزیز کے شہروں میں کامیاب ایکسپو نمائشوں کا انعقاد ہو یا سپوزیم ، سیمینارز ہوں، ایکسپریس ہر میدان میں آگے ہی رہا ہے، پاکستان میں کامیاب پروگرامزکے انعقاد کے بعد ایک قدم اورآگے بڑھاتے ہوئے اب بات دبئی تک جہاں پہنچی ہے، گزشتہ روز دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں تین روزہ انٹرنیشنل پراپرٹی شوکا آغاز ہوا اور ایکسپریس پاکستان پویلین میں تعمیراتی شعبے کے پچیس ممتازاداروں کے اسٹالز پر عوام کا زبردست رش دیکھنے میں آیاجس نے مقبولیت کا ایک اور سنگ میل عبورکرلیا ہے۔

، پاکستان بھر میں اس شعبے نے دن دوگنی رات چوگنی ترقی ہے ۔ضرورت اس امرکی محسوس کی جارہی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے ریئل اسٹیٹ سے وابستہ افراد کو پذیرائی ملے، اور یہ کام اول تو سرکاری سطح پر ہونا چاہیے تھا لیکن 'سرکار' کا جو حال ہے وہ سب کے عمل ہے لہٰذا اس عمل میں بھی ایکسپریس بازی لے گیا ہے ۔اس نمائش میں پاکستان پویلین کے قیام کے لیے کئی ماہ تک محنت کی گئی ہے۔


جس کی بدولت ریئل اسٹیٹ اور ڈویلپرز کو ایک عالمی سطح کا پلیٹ فارم میسر آیا ہے ۔اس نمائش میں پاکستان کے بھرپور نمایندگی سے مقامی پراپرٹی شو اور ریئل اسٹیٹ کی نہ صرف حوصلہ افزائی ہے بلکہ اسے مستقبل میں اس شعبے کو عالمی منڈی میں نمایاں مقام دلوانے میں مدد ملے گی۔اس پراپرٹی شو سے خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی تارکین وطن جن کی تعداد لاکھوں میں ہیں،کو ریئل اسٹیٹ بزنس میں محفوظ سرمایہ کاری کے مواقعے بھی میسرآئیں گے کیونکہ پاکستان کے کئی چھوٹے بڑوں شہروں کے کافی پراجیکٹس اس پویلین میں موجود ہیں۔وطن کی مٹی سے محبت پاکستانیوں کے دلوں میں بسی ہوئی ہے ، وہ بیرون ممالک میں حصول روزگار کے لیے مقیم ہونے کے باوجود پاکستان سے والہانہ محبت کرتے ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کا ملک بھی ترقی یافتہ اقوام کی فہرست میں شامل ہوجائے۔

بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی زرمبادلہ کی صورت میں وطن عزیزکی معیشت کو بھرپور استحکام فراہم کرتے ہیں۔معاشی واقتصادی ماہرین کے مطابق جو زرمبادلہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی وطن بھیجتے ہیں وہی دراصل ہماری معیشت واقتصادیت کو بہت بڑا سہارا فراہم کرتا ہے، ریئل اسٹیٹ کا شعبہ جس تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے، اس تناظر میں اس نمائش کے انعقاد اور پاکستان پویلین کی بدولت پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی، ریئل اسٹیٹ کو فروغ حاصل ہوگا اور زرمبادلہ کے ذخائر بھی کئی گنا بڑھ جائینگے،یوں سمجھ لیجیے کہ ایکسپریس گروپ کی یہ ایک قومی خدمت ہوگی ۔

نمائش کی اہمیت وافادیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ نمائش میں ایک سوچالیس ممالک کے پویلین موجود ہیں۔ دراصل عالمی مارکیٹ میں پاکستان کو موثر طریقے سے متعارف کروانے سے ہی ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھ سکتی ہے،اس قومی ضرورت کا خیال ایکسپریس نے سب سے پہلے کیا ہے ، اس نمائش میں پاکستان پویلین کے قیام سے اور ریئل اسٹیٹ، ڈویلپرز،کنسلٹنٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نتیجے میں جو مثبت اور دور رس نتائج برآمد ہونگے ، اسے یقینا سنہری حروف سے قومی تاریخ میں لکھا جائے گا ۔دبئی میں منعقدہ نمائش میں پاکستان پویلین قائم کر کے ایکسپریس میڈیا نے ثابت کردیا ہے کہ اس کا وژن سب سے جدا ہے ۔
Load Next Story