حصص مارکیٹ میں اتارچڑھاؤ کے بعد محدود تیزی

بینکنگ ودیگرشعبوں میں خریداری کے باعث انڈیکس51پوائنٹس اضافے سے33616 کا ہوگیا

کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار339 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا فوٹو : فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج منگل کو اگرچہ مندی سے نکل آئی تاہم سیاسی عدم استحکام کے باعث وقفے وقفے سے فروخت کے باعث مارکیٹ اتارچڑھاؤ کی زد میں اور تیزی محدود رہی مگر 33600 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی لیکن حصص کی مالیت میں10 ارب58 کروڑ2 لاکھ71 ہزار913 روپے کی کمی ہوئی البتہ 49.85 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ غیریقینی سیاسی حالات کی وجہ سے وجہ سے سرمایہ کاری کے بیشترشعبے سائیڈ لائن رہے جبکہ کچھ شعبوں نے نئی سرمایہ کاری کے بجائے وقفے وقفے سے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی تاہم اس دوران بینکنگ، سیمنٹ، آٹوموٹیو اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں ہونے والی خریداری سرگرمیوں نے مارکیٹ کو استحکام دیا جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے پاورسیکٹر کے منصوبوں کے لیے25 ارب روپے کے فنڈکی منظوری اورخام تیل کی عالمی قیمت بڑھ کر40 ڈالر فی بیرل پر پہنچنے کی اطلاع پراختتامی لمحات میں انرجی سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے آل شیئرانڈیکس کے علاوہ دیگر تمام مارکیٹ انڈیکسز میں اضافہ ہوا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس50.68 پوائنٹس کے اضافے سے33616.09، کے ایس ای30 انڈیکس76.91 پوائنٹس کے اضافے سے 19486.09 ، کے ایم آئی30 انڈیکس251.87 پوائنٹس کے اضافے سے59284.25 اور کے ایم آئی آل شیئرانڈیکس1.74 پوائنٹس کے اضافے سے15869.16 ہوگیا جبکہ اسکے برعکس کے ایس ای آل شیئرانڈیکس32.88 پوائنٹس کی کمی سے23183.14 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت30.35 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ64 لاکھ96 ہزار160 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار339 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں169 کے بھاؤ میں اضافہ، 146 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story