پاکستان کپ ڈومیسٹک کرکٹ کے کئی نمایاں پرفارمرز نظر انداز

وقاص، رضا، عابد، زوہیب، شاہ زیب، گلریز، طلحہٰ، اعزاز، عدنان اکمل و دیگر شامل

وقاص، رضا، عابد، زوہیب، شاہ زیب، گلریز، طلحہٰ، اعزاز، عدنان اکمل و دیگر شامل۔ فوٹو: پی سی بی

NEW DELHI:
پاکستان کپ کے ڈرافٹ میں ڈومیسٹک کرکٹ کے کئی نمایاں پرفارمرز نظر انداز کردیے گئے، گذشتہ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے صدف حسین اور عثمان صلاح الدین سمیت کئی کرکٹرزکسی ٹیم میں شامل نہیں ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈومیسٹک ایک روزہ ٹورنامنٹ کو پہلی مرتبہ فرنچائزز کی طرز پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایونٹ کا آغاز 19اپریل سے فیصل آباد میں ہو رہا ہے، اس میں پانچ ٹیمیں فیڈرل کیپیٹل، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان شریک ہوں گی، پی ایس ایل کی طرح اس ایونٹ میں بھی کئی ایسے نامور کرکٹرز کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔


جنھوں نے گذشتہ ون ڈے کپ میں بہترین پرفارم بھی کیا، ان میں 20وکٹیں حاصل کرنے والے صدف حسین،469رنز بنانے والے عثمان صلاح الدین کے ساتھ گریڈ ٹو کے نمایاں پرفارمر ایم وقاص، رضا علی، عابد علی، زوہیب شیرا، شاہ زیب حسن، گلریز صدف، محمد طلحہٰ، اعزاز چیمہ اور عدنان اکمل سمیت کئی کھلاڑی شامل ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نے اپنی غلطی کا کچھ احساس کرتے ہوئے چند انڈر 19کرکٹرز کو''ایڈجسٹ'' کرنے کا فیصلہ کرلیا، اب ہر فرنچائز کا اسکواڈ 15 کے بجائے 16 رکنی ہوگا۔

رائٹ آرم فاسٹ بولر سمین گل خیبر پختونخواکی نمائندگی کریں گے، رائٹ ہینڈ مڈل آرڈر بیٹسمین شاداب خان کو فیڈرل کیپیٹل میں جگہ دی گئی، رائٹ آرم لیگ اسپنر سلمان فیاض پنجاب، لیفٹ آرم اسپنر غلام حیدر بلوچستان جبکہ رائٹ آرم میڈیم فاسٹ بولر حسن محسن سندھ کی نمائندگی کریں گے۔ پی سی بی کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو سینئرز کے ساتھ کھیلنے کا زیادہ موقع فراہم کرنے کیلیے یہ قدم اٹھایا گیا،امید ہے کہ مستقبل میں اس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔
Load Next Story