پوائنٹس سسٹم پر سری لنکاکا فوری جواب دینے سے گریز

انگلینڈ کی تجویز پر ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ میں بحث ہوگی، ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، بورڈ

انگلینڈ کی تجویز پر ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ میں بحث ہوگی، ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، بورڈ فوٹو : فائل

سری لنکا پوائنٹس سسٹم پر انگلینڈ کو فوری جواب دینے سے گریزاں ہے، معاملہ ایس ایل سی کمیٹی میں زیر بحث لایا جائے گا، نائب صدر موہن ڈی سلوا کہتے ہیں کہ انگلش بورڈ کی درخواست موصول ہوچکی مگر ابھی اس سے اتفاق نہیں کیا، تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اس موسم گرما میں اپنے ہوم سیزن کے دوران سری لنکا اور پاکستان کے ساتھ ہوم سیریز میں پوائنٹس سسٹم کے اطلاق پر غور کررہا ہے، جس کا مقصد ٹورکے مجموعی فاتح کا بھی تعین کرنا ہے۔ سری لنکا نے تصدیق کردی ہے کہ ای سی بی کی جانب سے انھیں آنے والی سیریز میں پوائنٹس سسٹم کے نفاذ کی درخواست موصول ہوگئی ہے۔


سری لنکا نے تین ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 میچ کیلیے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ اس تجویز پر اب ایس ایل سی کمیٹی میں بحث کی جائے گی جوکہ رواں ماہ کے آخر یا پھر مئی کے آغاز میں ہوسکتی ہے۔ اس بارے میں سری لنکا کرکٹ کے نائب صدر موہن ڈی سلوا کہتے ہیں کہ ای سی بی نے ہم سے پوائنٹس سسٹم کے حوالے سے درخواست کی مگر نہ تو ابھی ہم نے اس پر بات کی اور نہ ہی اس سے اتفاق کیا ہے، ہم یہ معاملہ اپنی ایگزیکٹیو کمیٹی کی اگلی میٹنگ میں اٹھائیں گے، جس میں چیف ایگزیکٹیو اور کرکٹ آپریشن منیجر اس حوالے سے کمیٹی کو اپنی سفارشات پیش کریں گے۔

یاد رہے کہ انگلش بورڈ کی تجویز کے تحت ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز کے الگ الگ پوائنٹس ہوں گے جوکہ ہر فتح پر ملیں گے، سیریز کے اختتام پر جس ٹیم کے پوائنٹس زیادہ ہوں گے، اسے مجموعی ٹور کا فاتح قرار دیا جائیگا۔ انگلینڈ پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں بھی اسی سسٹم کا نفاذ چاہتا مگر ابھی تک پوائنٹس کی حتمی تعداد کے بارے میں تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔
Load Next Story