ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کیخلاف رنز کا انبار لگادیا

4 وکٹ پر527 رنز، چندرپال کی ڈبل سنچری، رامدین نے126کی شاندار اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈین بیٹسمین چندر پال گیند کو بائونڈری کی راہ دکھارہے ہیں، انھوں نے ڈبل سنچری بنائی۔ فوٹو : اے ایف پی

پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کے خلاف رنز کا انبار لگادیا، مہمان ٹیم نے 4 وکٹ پر527 رنز بناکرپہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کی۔

شیونرائن چندرپال نے ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کی، دنیش رامدین بھی 126 پر ناٹ آئوٹ رہے، جواب میں بنگال ٹائیگرز نے 164 پر 3 وکٹیں گنوا دیں، تمیم اقبال نے ٹی 20 اسٹائل میں 72 رنز اسکور کیے، روی رامپال نے دو وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز ہی ویسٹ انڈیز نے بنگال ٹائیگرز کا بُرا حال کردیا، جب دن کا اختتام ہوا تومیزبان کا اسکور 3 وکٹوں پر 164 رنز تھا جبکہ اسے فالو آن کی خفت سے بچنے کیلیے اتنے ہی مزید رنز درکار تھے،اننگز کا آغاز ہی انتہائی مایوس کن ہوا جب پانچویں اوور میں روی رامپال نے 7 کے انفرادی اسکور پر جنید صدیقی کو براوو کا کیچ بنا دیا۔


اپنے ساتویں اوور میں انھوں نے شہریار نفیس کو بھی وکٹ کیپر رامدین کی مدد سے پویلین واپس بھیجا ، شہریار نے 31 رنز بنائے، اس دوران تمیم اقبال نے حسب معمول اپنا روایتی کھیل جاری رکھا اور 71 گیندوں پر 72 رنز بناکر ڈیرن سیمی کی گیند پر نارائن کا کیچ بن گئے، انھوں نے 10 میں سے 4 بائونڈریز ٹینو بیسٹ کو رسید کیں جبکہ آف اسپنر سنیل نارائن کو دو چھکے جڑے، پہلے چھکے پر تمیم نے ففٹی مکمل کی جس کیلیے انھوں نے صرف 38 گیندیں استعمال کیں، دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر نعیم اسلام 27 اور شکیب الحسن 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے دن کا آغاز 361 رنز 4 وکٹ سے کیا اور پھرڈیکلیئریشن تک مزید کوئی کھلاڑی آئوٹ نہیں ہوا،چندر پال نے سوہاگ کی گیند پر دو رنز لے کر ڈبل سنچری مکمل کی اور پھر اپنے سب سے بہترین اسکور 203 رنز کو برابر کیا جوجارج ٹائون میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنایا تھا، دوسرے اینڈ پر موجود دنیش رامدین نے ناٹ آئوٹ 126 رنز بنائے، دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 296 رنز کی ریکارڈ ناقابل شکست شراکت ہوئی، اس سے قبل چندر پال اور رام نریش سروان نے اسی وکٹ کیلیے 262 رنز جوڑے تھے۔

Recommended Stories

Load Next Story