کوہلی کو بھارتی کرکٹ کا نیا ٹنڈولکر قرار دیا جانے لگا

نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنا ہی ہوگا، تبدیلی کو روکا نہیں جا سکتا، لٹل اسٹار

میں نے اس پل کا ہمیشہ سے انتظار کیا، میں صرف ٹیم کا حصہ نہیں بلکہ اہم بیٹسمین بننا چاہتا ہوں، ویرات کوہلی فوٹو : فائل

مسلسل عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ویرات کوہلی کو بھارتی کرکٹ کا نیا سچن ٹنڈولکر قرار دیا جانے لگا ہے۔

جنوبی افریقی کوچ گیری کرسٹن نے ان کے بارے میں بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ نوجوان بیٹسمین نے اپنے کھیل پر کافی کام کیا اور آج انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑا مقام حاصل کر لیا ہے، وہ ایک ایسا کھلاڑی ہے جو جلدی آؤٹ نہیں ہوتا،اپنے دلچسپ کھیل اور اعتماد کی وجہ سے کوہلی آہستہ آہستہ بھارتی ٹیم میں سچن ٹنڈولکرکی جگہ لیتا جا رہا ہے،اس کے پاس ڈھیروں اسپانسرز موجود اور وہ ٹی وی پر چھایا رہتا ہے، ایشیا بھر میں آپ کہیں بھی ان کے بڑے بڑے اشتہار دیکھ سکتے ہیں۔ کوہلی کا کہنا ہے کہ میں نے اس پل کا ہمیشہ سے انتظار کیا، میں صرف ٹیم کا حصہ نہیں بلکہ اہم بیٹسمین بننا چاہتا ہوں۔ ٹنڈولکر اور ڈریوڈ جیسے کھلاڑیوں سے موازنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ لوگوں کو مجھ سے امیدیں ہیں اور اس سے مجھے دبائو سے زیادہ فخر کا احساس ہوتا ہے، میں میدان میں لوگوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرتا ہوں۔


لٹل اسٹار نے کہا کسی نہ کسی وقت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنا ہی ہوگا،اس تبدیلی کو روکا نہیں جا سکتا، ہمیں آنے والے چیلنجزکیلیے خود کو تیار کرنا چاہیے۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں کوہلی کافی اچھی فارم میں نظر آئے ہیں، ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں انھوں نے50کی اوسط سے رنز بنائے جبکہ4ٹیسٹ میں2سنچریاں اور3 ففٹیز اسکور کی ہیں،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انھوں نے پاکستان کیخلاف78 رنز کی اننگز کھیلی تھی، سابق کرکٹر سنیل گاوسکر انھیں بھارتی بیٹنگ کا مستقبل کہتے ہیں جبکہ ساتھی کھلاڑی ایشون کے مطابق کوہلی اپنے آپ کو ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی کے طور پر منوا چکے۔

وہ گذشتہ دو برسوں سے ہمارے اہم بیٹسمین ہیں،انھوں نے ہر بار اپنے آپ کو ثابت کیا،کوہلی نے کیریئر کے آغازمیں کافی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ اگلے 5،6برسوں تک ایسے ہی کھیلتے رہیں گے،کوہلی کا اب تک کا انٹرنیشنل کیریئر تنازعات میں بھی گھرا رہا ہے، ان پر دسمبر کے سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلوی شائقین کو برا بھلا کہنے پر جرمانہ بھی کیا گیا تھا،ایڈیلیڈ میں پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے کے بعد زیادہ خوشی کے اظہار پر بھی وہ تنقید کی زد میں آئے۔

آئی پی ایل ٹیم بنگلور رائل چیلنجرز میں کوہلی کے ساتھی آسٹریلوی کھلاڑی ڈرک نینس کے مطابق پہلے کے بھارتی کھلاڑیوں کے مقابلے میں ان کا مزاج بالکل الگ ہے،اگر آپ نے ان پر حملہ کیا تو وہ بھی بدلے میں ایسا ہی کریں گے،کوہلی کرکٹ پچ پر لڑنے سے نہیں ڈرتے،شائد اسی وجہ سے میدان پر زیادہ سے زیادہ چیلنجزکا سامنا کر سکتے ہیں۔
Load Next Story