پاک ماریشس تعلقات میں پیش رفت

صدر نے طب، انجینئرنگ اور فارمیسی کے شعبوں میں ماریشسی طلبا کی پاکستانی اداروں میں تربیت کو خوش آیند قراردیا

ماریشس یورپ اور مشرق کے درمیان اہم سٹریٹجک راستہ ہے، فوٹو : فائل

صدرمملکت ممنون حسین اور ماریشس کی صدر ڈاکٹرامینہ فردوس کے درمیان ملاقات میں تعلیم، صحت اورتجارت کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے پراتفاق ہوا ہے۔ یہ اتفاق رائے صدرمملکت ممنون حسین اورماریشس کی صدر ڈاکٹرامینہ فردوس کے درمیان ون آن ون اور وفودکی سطح پر ملاقات میں طے پایا ۔ ماریشس بحر ہند کے ان خوبصورت جزائر پر مشتمل ایک کثیرالقومی جمہوریہ ہے جس کے پاکستان کے ساتھ اچھے دوستانہ تعلقات ہیں اور صدر ڈاکٹر امینہ فردوس کی آمد کے بعد انھیں ایک نئی سمت و جہت ملے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ماریشس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے خوشگوار تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اب ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے، تجارتی حجم بڑھانے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ ہونا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اور ماریشس چیمبرز کے درمیان ادارہ جاتی سطح پر روابط خوش آیند ہیں، یہ بات باعثِ مسرت ہے کہ پاکستان ماریشس کے مالیاتی سیکٹر میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ایک بڑے پاکستانی بینک کی تین شاخیں بھی وہاں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی معالجین بھی ماریشس میں انسانیت کی خدمت کے لیے مفت خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔


صدر نے طب، انجینئرنگ اور فارمیسی کے شعبوں میں ماریشسی طلبا کی پاکستانی اداروں میں تربیت کو خوش آیند قراردیا۔ مہمان صدر نے صدرممنون حسین کو دورہ ماریشس کی دعوت بھی دی جسے صدر نے قبول کرلیا۔ ماریشس کی صدر نے پاکستانی تعلیمی اداروں خاص طورپرحسین جمال ابراہیم انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کو شاندار ادارہ قراردیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق طارق فاطمی نے ماریشس کی صدر کے پہلے دورہ پاکستان پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہونگے۔

ڈاکٹر فردوس ماریشس کی ایک علمی شخصیت اور آرگینک کیمسٹری کی معروف سائنسدان ہیں، ان کے کئی سائنسی اور طبی تجربات پر مشتمل مقالات موقر عالمی جرائد میں شایع ہوچکے ہیں، وہ ایک ایسی جمہوریہ کی صدر ہیں جسے بحر ہند کا ''ستارہ اور کلید'' کہا جاتا ہے۔ ضرورت پاک ماریشس تجارتی اور سیاسی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ہے جب کہ تعلیم ، صحت ، ٹیکنالوجی، اور سیاحت کے شعبے میں ماریشس اور پاکستان کے مابین ایک ٹھوس رشتہ قائم ہوسکتا ہے ۔ ماریشس یورپ اور مشرق کے درمیان اہم سٹریٹجک راستہ ہے ، اس لیے دو طرفہ تجارتی حجم بڑھانے کے لیے ماریشس سے اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
Load Next Story