ویسٹ انڈین بورڈ کے خلاف سابق کرکٹرزکا محاذ قائم

عہدیداران کے استعفے اور مالی معاملات کے فرنزک آڈٹ کا مطالبہ، 4 نکاتی ایجنڈا پیش

عہدیداران کے استعفے اور مالی معاملات کے فرنزک آڈٹ کا مطالبہ، 4 نکاتی ایجنڈا پیش. فوٹو:فائل

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے خلاف سابق کرکٹرز نے محاذ قائم کرلیا، نئے نظام کی تشکیل کیلیے 4 نکاتی ایجنڈا پیش کردیا، تمام بورڈ عہدیداران کے استعفے اور مالی معاملات کے فرنزک آڈٹ کا مطالبہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی برطرفی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ اب اس کیلیے سابق کھلاڑی بھی میدان میں آگئے ہیں، گیری سوبرز، ویوین رچرڈز، ویسلے ہال اور اینڈی روبرٹس سمیت کئی کھلاڑیوں نے سینٹ ونسنٹ کے پریمیئر کیتھ مچل سے ملاقات کی، وہ پرائم منسٹریل کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں جس نے ویسٹ انڈین کرکٹ میں اصلاحات کیلیے ایک پینل تشکیل دیا تھا، اس نے اپنی رپورٹ میں بورڈ کو برطرف کرنے اور عبوری سیٹ اپ لانے کی سفارش کی تھی۔


سابق عظیم کھلاڑیوں نے کیتھ مچل کو مطالبات کی فہرست پیش کردی جس میں ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ ڈائریکٹرز کے فوری طور پر مستعفی ہونے اور ان کی جگہ عبوری بورڈ کا قیام عمل میں لانے کا کہا گیا جو نیا بورڈ اسٹرکچر بھی تشکیل دے۔ اسپانسرز پر کنٹریکٹ میں ایک شق شامل کرنے کو کہا گیا جس میں فنانشل سپورٹ کو اچھی گورننس سے مشروط کیا جائے، آئی سی سی سے کہا گیا کہ وہ خراب قیادت کی وجہ سے کھیل کو پہنچنے والے نقصانات کو سمجھے، اسی طرح کیریبیئن جزائر کی مشترکہ باڈی کیری کوم سے کہا گیا کہ وہ ایک خودمختار آڈیٹر کا تقرر کرے جو بورڈ کے تمام مالی معاملات کا فرنزک آڈٹ کرے۔ ملاقات میں کئی دیگر ویسٹ انڈینز پلیئرز بھی شریک تھے۔

ان میں آل رائونڈر روجر ہارپر، فاسٹ بولر چارلی گرفتھ، وکٹ کیپر ڈیرک مرے، لیگ اسپنر دینا ناتھ رام نارائن، اوپننگ بیٹسمین ڈیسمنڈ ہینز شامل تھے، اسپورٹس ماہر نفسیات روڈی ویبسٹر اور حالیہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ فاتح کپتان ڈیرن سیمی کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ بعد ازاں سابق پلیئرز کے مشترکہ محاذ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ دو دہائوں سے بورڈ میں کئی عہدیدار آئے اور گئے مگر حالات مسلسل خراب ہوتے جارہے ہیں، یہ واحد بورڈ ہے جو70 برس سے ایک ہی انداز میں کام کررہا اور چاہتا ہے کہ اس سے اچھے نتائج برآمدہوں، اس کو جتنی جلد برطرف کیا گیا اتنا ہی کیریبیئن کرکٹ کے مفاد میں اچھا ہوگا۔
Load Next Story