پاکستان کپ میں پچز کے معیار پر کرکٹرز کا اظہار تشویش

لوباؤنس کی وکٹوں پرکھیل کردورہ انگلینڈکی تیاری کیسے ہوگی، بورڈسے سوال

لوباؤنس کی وکٹوں پرکھیل کردورہ انگلینڈکی تیاری کیسے ہوگی، بورڈسے سوال۔ فوٹو: فائل

پاکستان کپ میں پچز کے معیار پر کرکٹرز نے تشویش کا اظہار کیا ہے،ان کے مطابق لو باؤنس کی وکٹوں پرکھیل کر دورئہ انگلینڈ کی تیاری کیسے ہوگی؟ اچھی کرکٹ کیلیے بہتر کنڈیشنز کا ہونا بھی ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کپ کو دورہ انگلینڈ کی تیاری اور کرکٹرز کی فارم و فٹنس جانچنے کا پیمانہ قرار دیا جارہا ہے لیکن فیصل آباد میں پچز کے معیار پر کرکٹرز تشویش میں مبتلا ہیں،نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ایک کھلاڑی نے کہاکہ لو باؤنس کی وکٹوں پر میچ کھیل کر اہم سیریز کی تیاری کیسے کی جا سکتی ہے؟


پچ کا رویہ اچانک تبدیل ہوتا ہے، کئی بار تو گیند وکٹ کیپر کے گھٹنوں سے بھی نیچے رہ جاتی ہے، اچھی کرکٹ کیلیے بہتر کنڈیشنز کا ہونا بھی ضروری ہے، دوسرے کھلاڑی نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں پچز سپورٹنگ ہونا چاہئیں لیکن یہاں صورتحال مختلف نظر آئی ہے، اس میں موسم کا بھی عمل دخل ہے لیکن پچز جلد بازی میں تیار کی گئی ہیں،کیوریٹرز کو محنت کیلیے وقت مل جاتا تو بہتری لائی جا سکتی تھی، ایک اور پلیئر نے تجویز پیش کی کہ ٹورنامنٹ کسی خوشگوار موسم والے مقام پر ہوتا تو اچھی بیٹنگ پریکٹس میسر آجاتی، ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ اچھا فیصلہ ہے۔

یاد رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور پچز کے معیار پر مایوسی کا اظہار کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پچز کی حالت پر گفتگو کرنا میرا کام نہیں لیکن حقیقت یہی ہے کہ ان کا معیار بہت خراب ہے۔ سابق کپتان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی کھلاڑیوں کے معیار اور ڈومیسٹک کرکٹ کو سدھارنا ہے تو پچز کو بہتر بنانا ہوگا۔
Load Next Story