’’بگ تھری‘‘ کی اجارہ داری ختم کرنے کیلیے تیاریاں مکمل

آئی سی سی فل کونسل آئندہ چندہفتوں کےدوران آئین میں ترامیم کی منظوری دے گی،مئی میں خفیہ رائے شماری سے چیئرمین بنے گا

اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا،افغانستان اور آئرلینڈ کیلیے 5،5لاکھ ڈالرفنڈز کی منظوری،نیپال معطل فوٹو: فائل

آئی سی سی پر ''بگ تھری'' کی اجارہ داری ختم کرنے کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، فل کونسل آئندہ چند ہفتوں کے دوران آئین میں ترامیم کی منظوری دے گی،آزادانہ حیثیت میں کام کرنے والے جمہوری چیئرمین کا انتخاب مئی میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا،عہدے کیلیے نامزدگی آئی سی سی ڈائریکٹرز کرینگے۔

2 فل ممبرز کے حمایت یافتہ کو امیداور بننے کا حق حاصل ہوگا، اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کیلیے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا، افغانستان اور آئرلینڈ کیلیے 5لاکھ ڈالر فنڈز کی منظوری دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کو ''بگ تھری'' کے چنگل سے نکالنے کیلیے اقدامات شروع ہو گئے، فل کونسل آئندہ چند ہفتوں کے دوران آئین میں ترامیم کی منظوری دیدے گی جس کے بعد آزادانہ حیثیت میں کام کرنے والے جمہوری چیئرمین کا انتخاب مئی میں کیا جائے گا، اس میں کونسل کے موجودہ اور سابق ڈائریکٹرز امیدوار بن سکتے ہیں، اس کارروائی کو مکمل کرنے کیلیے خفیہ رائے شماری کی جائے گی، عہدے کیلیے نامزدگی کا حق آئی سی سی ڈائریکٹرز کو حاصل ہوگا۔


ان میں سے 2 فل ممبرز کی حمایت رکھنے والا الیکشن میں خود کو بطور امیداور پیش کرسکے گا، منتخب ہونے والے آئی سی سی چیئرمین کو اپنے ملک میں کوئی قومی یا صوبائی کرکٹنگ عہدہ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرنے کیلیے آئی او سی اور کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کیساتھ مزید بات چیت کو ضروری خیال کرتے ہوئے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ افغانستان اور آئرلینڈ کیلیے 5،5لاکھ ڈالر ون ڈے کرکٹ فنڈز کی منظوری دی گئی،رقم دیگر ملکوں سے باہمی کرکٹ کے فروغ،رینکنگ بہتر بنانے جیسے مقاصد کیلیے استعمال کی جاسکے گی۔

قومی اسپورٹس کونسل کی طرف سے ایڈہاک لگائے جانے اور عدالتی محاذ آرائی پر کرکٹ ایسوسی ایشن آف نیپال کی رکنیت معطل کرتے ہوئے کہا گیاکہ آئی سی سی پالیسی کے تحت ممبرز کے معاملات میں حکومتی مداخلت قابل قبول نہیں، چین میں کرکٹ کے فروغ کی صورتحال کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے ایسوسی ایشن کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

35ہزار خواتین سمیت 80ہزار کرکٹرز کی موجودگی میں مستقبل کے روشن امکانات پر ارکان نے اطمینان کا اظہار کیا،امریکا میں کرکٹ معاملات بہتری کی جانب گامزن ہونے پر آئی سی سی ورلڈ لیگ ڈویژن 4ٹورنامنٹ لاس اینجلس میں کرانے پر اتفاق ہوا۔ میٹنگ کے شرکا نے نائٹ ٹیسٹ میں ملکوں کی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آنے والے سال میں پنک بال سے زیادہ میچز کھیلے جائیں گے، طویل فارمیٹ کی بقااور شائقین کی توجہ برقرار رکھنے کیلیے مصنوعی روشنیوں میں کھیل جیسے اقدامات کو ناگزیر قرار دیا گیا۔
Load Next Story