زیادہ ترگرفتارشہری تقریبات میںشرکت کیلیے جارہے تھے

پولیس اہلکار شادی ہالوں کے قریب کھڑے ہوگئے، نوجوانوں سے رقم اینٹھتے رہے۔

موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کے الزام میں گرفتار ہونیوالے نوجوان اور طالب علم سٹی کورٹ میںپیشی کے انتظارمیں کھڑے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سٹی کورٹ میں لائے گئے ڈبل سواری کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتارشہریوں کا کہنا تھا کہ وہ شادی کی تقریب میں شرکت کیلیے جارہے تھے۔


ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث انتہا سے زیادہ رش تھا اس لیے سامان ہونے کی وجہ سے اپنے بھائی ، کزن ، بیٹے ، کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھے لیکن پولیس اہلکار شادی ہال کے قریب گھات لگا کر اپنے شکار کو تلاش کرتے رہے۔

جو انھیں رقم دیتا تھا اسے جانے کی اجازت دی جاتی لیکن جنھوں نے رقم نہیں دی انھیں ڈبل سواری کے الزام میں تھانے لے گئے ،شادی کی تقریب میں شرکت کی بجائے رات تھانوں میں گزاری، تھانہ نبی بخش نے دیوالی منانے والوں کو بھی نہیں بخشا ،دو شہریوں بابو ، جیون لال کو مندر کے قریب سے حراست میں لیا تھا انھوں نے بتایا کہ پولیس کی بڑی منت سماجت کی لیکن انھوں نے بھاری رقم کا تقاضہ کیا، اہل خانہ سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی، پولیس نے دیوالی کی خوشیاں غارت کردی، دیوالی جیل میں منانے پر مجبور ہوئے، پولیس نے درجنوں شہریوں کو ایم اے جناح روڑ کے قریب واقع مندر کے قریب سے حراست میں لیا تھا بھاری رقم وصول کرکے انھیں چھوڑدیا ۔
Load Next Story