اغوا اور بھتے کیخلاف ڈاکٹروں کا آج سے او پی ڈی کے بائیکاٹ کا اعلان

پہلے مرحلے میں ایک گھنٹہ،3روز بعد2 گھنٹے اور 6 روز بعد او پی ڈیز مکمل طور پر بند کردیں گے، ڈاکٹر ہادی

پی ایم اے سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ہادی بخش جتوئی نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے، لیکن اس کے باوجود ہمارے دروازے بات چیت کے لیے کھلے ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور:
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ نے ڈاکٹرز کی ٹارگٹ کلنگ، اغواء، بھتے کی پرچیاں دیے جانے سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے آج سے سندھ بھر میںسرکاری اور نجی اسپتال کی او پی ڈیز کا3 روز تک ایک گھنٹہ بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔


پی ایم اے سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ہادی بخش جتوئی نے ڈاکٹر بیکھا رام، ڈاکٹر وسیم شیخ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز کے مسائل حل نہ کیے گئے تو 3روز بعد2 گھنٹے اور 6 روز بعد پورے سندھ میں سرکاری و نجی اسپتالوں کی او پی ڈیز مکمل طور پر بند کر دی جائیں گی۔ صرف ایمرجنسی میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ وہ دیگر صوبوں کی طرح ڈیڑھ ماہ تک ہڑتال کر کے مطالبات تسلیم کروا سکتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے، لیکن اس کے باوجود ہمارے دروازے بات چیت کے لیے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں اور ڈاکٹرز کی بھلائی کے لیے ہیلتھ بل صوبائی وزیر قانون ایاز سومرو کے دفتر میں 2 سال سے موجود ہے، ہم اپیل کرتے ہیں کہ سندھ اسمبلی کے آئندہ سیشن میں اسے پیش کر کے منظور کیا جائے۔
Load Next Story