سیکیورٹی وفد میں وزارت خارجہ کا ایک نمائندہ بھی شامل

بورڈ کے سیکیورٹی ڈائریکٹر، منیجر انٹرنیشنل کرکٹ اور ٹیم سیکیورٹی منیجر بھی جائیں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر آئندہ ہفتے روانگی شیڈول ہے، ذرائع فوٹو: فائل

بھارت میں سیکیورٹی و ویگر معاملات کا جائزہ لینے کیلیے جانے والے وفد کو حتمی شکل دے دی گئی۔

اس میں وزارت خارجہ کے ایک نمائندے سمیت 3 پی سی بی آفیشلز شامل ہیں، ان کے ویزوں کیلیے درخواستیں جمع کرا دی گئیں، بھارت کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر آئندہ ہفتے روانگی شیڈول ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم 5 برس بعد آئندہ ماہ بھارت کے دورے پر جائے گی، دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری سے جہاں عوام خوش وہیں بعض حلقے ناراض بھی ہیں، انتہا پسند ہندو تنظیم شیوسینا ٹور کو سبوتاژ کرنے کی دھمکیاں دے چکی،ایسے میں پاکستانی کرکٹرز کی پڑوسی ملک میں سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔


گذشتہ دنوں پی سی بی نے معاملات کا جائزہ لینے کیلیے ایک وفد بھیجنے کا اعلان کیا تھا جسے اب حتمی شکل دے دی گئی، باخبر ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک نمائندے کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا نام بورڈ کو ارسال کر دیا گیا، چار رکنی وفد کے دیگر تین ارکان پی سی بی کے سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس ڈائریکٹر احسان صادق، منیجر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور ٹیم سیکیورٹی منیجر کرنل (ر) وسیم احمد ہیں، ان تمام کے پاسپورٹس بھارتی ویزے کیلیے جمع کرائے جا چکے، بی سی سی آئی کو خط لکھ کر پی سی بی نے تفصیلات سے آگاہ کر دیا اور اب جواب کا انتظار ہے۔

ویزے ملنے کی صورت میں آئندہ ہفتے وفد روانہ ہو جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ارکان تمام میزبان شہروں بنگلور، احمد آباد، چنئی، کولکتہ اور نئی دہلی کا دورہ کر کے سیکیورٹی سمیت تمام اہم معاملات کا جائزہ لیں گے، وفد ٹیم کے قیام کے ہوٹلز اور گرائونڈز وغیرہ کا بھی دورہ کرے گا، اس کے بعد اگر کسی بہتری کی گنجائش نظر آئی تو بھارتی بورڈ سے اس کی درخواست کی جائے گی، یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم 22 دسمبر کو بھارت پہنچے گی جہاں25 دسمبر سے 6 جنوری تک 2 ٹوئنٹی 20 اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہونے ہیں۔
Load Next Story