سلمان کو اولمپکس کا سفیر بنانا بھارتی قومی مسئلہ بن گیا

فلم اسٹارکی حمایت اور مخالفت میں بیانات جاری، تقرر میں کوئی مضائقہ نہیں، گنگولی

فلم اسٹارکی حمایت اور مخالفت میں بیانات جاری،تقرر میں کوئی مضائقہ نہیں، گنگولی ۔ فوٹو : فائل

سلمان خان کو اولمپکس کا سفیر بنانا بھارت میں قومی مسئلہ بن گیا، فلم اسٹارکی حمایت اور مخالفت میں بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

بعض حلقوں کے خیال میں اس اعزاز کیلیے کسی کھلاڑی کو ہی منتخب کرنا چاہیے تھا، گذشتہ روز سابق کپتان سارو گنگولی بھی بحث میں کود پڑے، انھیں اس بات میں کوئی خرابی نظر نہیں آتی کہ بالی ووڈ کے میگا اسٹارکو اولمپکس کیلیے سفیر مقرر کیا گیا۔انھوں نے کہاکہ اس سے بھارتیوں کیلیے اولمپکس کی دلکشی میں اضافہ ہوگا، بحیثیت خیرسگالی سفیر وہ لوگوں کو متوجہ کرنے اور گلیمر دونوں کا بہترین امتزاج ثابت ہونگے۔

گنگولی کو یقین ہے کہ سلمان کی تقرری سے متعلق تنازع جلد ہی ختم ہوجائے گا۔ فٹبالر بیچونگ بھوٹیا نے کہاکہ سلمان خان کے سفیر بنائے جانے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ دوسری جانب فلم انڈسٹری بھی اپنے ہیرو کے ساتھ کھڑی ہے، کرن جوہر نے کہا کہ سلمان خان نے بہت بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ان کا برانڈ کھیلوں کو فروغ دے سکتا ہے، وہ بڑے اداکار اورجو کریں لوگ اسے دیکھتے ہیں۔


اداکارہ کرن کھیر نے کہا کہ جب سلمان خان جیسے کسی انسان کا انتخاب ہو تو کئی بزنس ہاؤسز اسے پہلے سے جانتے ہیں، ہمارے یہاں کرکٹ کے علاوہ کئی کھیل ہیں جنھیں کوچنگ اور دیگرچیزوں کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے، حکومت ایک حد تک ہی تعاون کر سکتی ہے، اگر سلمان ان کھیلوں میں مزید سہولتیں لاتے ہیں تو یہ کھلاڑیوں کے لیے اچھی بات ہو گی۔ کرن کھیر نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا دل بڑا کریں اور سلمان کی عزت کریں کیونکہ ان میں کچھ تو بات ہے جو دوسروں کو تحریک دیتی ہے۔

ملائکہ اروڑا بھی سلمان خان کی حمایت میں آگے آئی ہیں، انھوں نے کہا کہ ان کا انتخاب ایک مقصد کے لیے ہوا ہے، انھیں منتخب کرنے والے جانتے ہیں کہ سلمان کیا کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق ایتھلیٹ ملکھا سنگھ نے سلمان خان کو سفیر بنانے پر سخت اعتراض کیا تھا، جواب میں ان کے والد سلیم خان نے کہا کہ فلم کے باعث ہی لوگوں کو دوبارہ ملکھا کی یاد آئی، ان کا اشارہ فلم '' بھاگ ملکھا بھاگ'' کی جانب تھا۔
Load Next Story