کراچی آپریشن کا فیصلہ کن مرحلہ

آرمی چیف جنرل راحیل شریف اپنے حالیہ دورہ کراچی میں آپریشن کے اہداف کی تکمیل کا عزم ظاہر کر چکے ہیں

دہشتگردی کے عفریت سے پاکستان کے چپے چپے کو محفوظ بنانا لازمی ہے۔ فوٹو: فائل

QUETTA:
وفاقی حکومت نے کراچی آپریشن کا آخری مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ اس مرحلے کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہو گا اور آپریشن مکمل اہداف کے حصول تک جاری رکھا جائے گا، اس آپریشنل پالیسی کی منظوری وزیراعظم جلد سندھ حکومت، وزارت داخلہ اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد دینگے۔

یہ صائب فیصلہ ہے کیونکہ کراچی میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد سے اس تاثر کو بعض سیاسی حلقوں میں تقویت ملی ہے کہ کراچی آپریشن جمود زدہ ہے یا اس کی سمت سیاسی مصلحت کے باعث ہارڈ کور کرمنلز کو کیفرکردار تک پہنچانے میں سست روی کا شکار ہے لہٰذا اس منفی تاثر کو ختم کرنے کی فوری ضرورت موجود تھی اس لیے کسی امتیاز کے بغیر کراچی آپریشن کا منطقی انجام تک پہنچنا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف اپنے حالیہ دورہ کراچی میں آپریشن کے اہداف کی تکمیل کا عزم ظاہر کر چکے ہیں۔ اس اہم مرحلے میں آپریشن کی حتمی حکمت عملی جلد طے کی جائے جس کے تحت گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی کی روشنی میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کر نیوالی اہم شخصیات کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے، حکمت عملی یہ ہونی چاہیے کہ دہشتگردوں کے مالی ذرایع کے نیٹ ورک کو توڑنے، قبضہ مافیا، اسمگلنگ کی روک تھام، جبری بھتہ وصولی کے ناسور، سیاسی و مذہبی و کالعدم جماعتوں کے عسکری ونگز کے خاتمے سمیت بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' اور بیرونی ایجنڈے کے لیے کام کرنے والے عناصر کا قلع قمع کرنے کے لیے مربوط اقدامات و کریک ڈاؤن کو یقینی و حتمی بنایا جائے تب جا کر کراچی سے جرائم کا مکمل خاتمہ کر کے اس کو دنیا کا پرامن اور تجارتی شہر بنایا جا سکے گا۔


کراچی آپریشن کے تمام اہداف کو 100 فیصد طور پر مکمل کیے جانے کا ٹارگٹ اگرچہ زبردست امتحان ہے تاہم کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن عوام کی جان و مال کے تحفظ کا آپریشن ہے اور اس کے اہداف میں مرکزی کردار عوام کا ہے، ان کامیابیوں کو ناقابل واپسی بنایا جائے گا۔ وہ جمعہ کو کراچی کے ساحل پر شہداء اور ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس حقیقت کے پیش نظر صدر ممنون حسین نے بھی غیر ملکی سفیروں سے خطاب میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمہ تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا اس لیے کراچی آپریشن بھی اس کے ساتھ ساتھ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے، دہشتگردی کے عفریت سے پاکستان کے چپے چپے کو محفوظ بنانا لازمی ہے۔

گزشتہ روز دہشتگردی کے خدشے اور ممکنہ طور پر چینی شہریوں کو اغوا کیے جانے کی خفیہ اطلاعات پر پنجاب حکومت نے ہنگامی اقدام کیا جس کے تحت صوبے میں 6 ہزار سے زائد چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے رجسٹریشن کو لازمی قرار دیدیا، اسی طرز کی مستعدی اور تیاری چاروں صوبوں کی انتظامی مشینری کی بنیادی حکمت عملی ہونی چاہیے۔
Load Next Story